0
Wednesday 21 May 2014 09:27

کراچی میں نارتھ ناظم آباد رینجرز ہیڈ کوارٹرز کےقریب دھماکا، 8 افراد زخمی

کراچی میں نارتھ ناظم آباد رینجرز ہیڈ کوارٹرز کےقریب دھماکا، 8 افراد زخمی
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں رینجرز ہیڈ کواٹرز کے قریب دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق بدھ کی علی الصبح رینجرز ہیڈکواٹرز کے قریب واقع بیکری کے باہر دھماکے میں آٹھ افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد ہیڈکواٹرز کے قریب واقع بیکری کے باہر ہوا۔ دھماکے سے متعدد دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ رینجرز اور پولیس اہل کاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی موقع پر پہنچ گیا ہے۔ دھماکے سے قریبی دکانوں اور موٹرسائیکل کو نقصان پہنچا۔ واضح رہے کہ نارتھ ناظم آباد میں واقع اس رینجرز ہیڈ کوارٹر کو گزشتہ 2 برسوں کے دوران 3 مرتبہ دہشتگردی کا نشانہ بن چکا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے بلاک بی میں واقع سچل رینجرز کے ہیڈ کوارٹر کے قریب ایک بیکری کے باہر زور دار دھماکے سے 8 افراد زخمی جبکہ بیکری سمیت دو دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے جس نے جائے واقعہ سمیت علاقے بھر کو گھیر لیا ہے۔ مزید دھماکا خیز مواد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ سرچ آپریشن کررہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شواہد کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا جسے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے اڑایا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 384658
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش