0
Wednesday 21 May 2014 23:52

مولائے متقیان نے 25 سال تک عظیم صبر و تحمل اور رواداری کا مظاہرہ کیا، علامہ رمضان توقیر

مولائے متقیان نے 25 سال تک عظیم صبر و تحمل اور رواداری کا مظاہرہ کیا، علامہ رمضان توقیر
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ مولائے متقیان، حضرت علی (ع) نے 25 سال تک عظیم صبر و تحمل اور رواداری کا مظاہرہ کیا، اور زیادتیوں کے باوجود اپنے حق کی خاطر احتجاج کیا، جنگ نہیں کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلبیت (ع) مانسہرہ میں جشن میلاد مرتضٰے (ع) کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولا علی (ع) کی سیرت و کردار میں ہمیں علم کی ترویج و اہمیت، اخوت، برادری اور رواداری نمایاں نظر آتی ہے۔ مولا علی (ع) نے خدا کے عطا کردہ تحفہ علم کے ذریعہ اسلام و مسلمین کی خدمت کی۔ مشکل ترین مسائل کو اپنے علم و حکمت سے احسن انداز میں حل فرماتے اور خلفاء کے دور میں ہمیشہ مشکلات کے حل میں ان سے تعاون کرتے، یہاں تک کہ حضرت عمر بن خطاب کو کہنا پڑا کہ اگر علی نہ ہوتے تو عمر ہلاک ہو جاتا۔
علامہ رمضان توقیر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج انہی ہستیوں کا نام استعمال کرکے کفر کے فتوے لگائے جا رہے ہیں، بلکہ ایک دوسرے کے جانی دشمن ہوگئے ہیں۔ مساجد محفوظ نہیں، بازار، مدارس محفوظ نہیں، آجکل مسلمان خصوصاً پاکستان کا مسلمان اسلام کے چہرے پر بدنما داغ نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وقت کی ضرورت ہے کہ حضرت علی (ع) کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے دینی مدارس کو مضبوط کریں، علم سے دوستی کریں اور علماء حقہ سے رابطہ رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنی شیعہ کی تفریق کو ختم کرکے حصول مقصد پاکستان کے لیے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر میدان عمل میں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ کتنے شرم کی بات ہے کہ اسلامی ملک میں اسلامی مرکز میں عبادت کرنے والوں کیلئے پولیس پہرہ دے۔ انہوں نے تمام مسلمانوں سے اتحاد و وحدت مولا علی (ع) کی ولایت سے سرشار رہنے کی اپیل کی۔
خبر کا کوڈ : 384951
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش