0
Wednesday 11 Jun 2014 19:49

طاہرالقادری کی حکمرانوں کے خلاف ایف آئی آر کی حمایت کرتے ہیں،معصوم نقوی

طاہرالقادری کی حکمرانوں کے خلاف ایف آئی آر کی حمایت کرتے ہیں،معصوم نقوی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ معصوم نقوی نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے طالبان کے خلاف جہاد کرنا فرض ہو گیا ہے۔ حکومت طالبان کے حواریوں کی سرگرمیوں کا بھی نوٹس لے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیر سید مصطفی اشرف رضوی، پیر عابد علی شاہ، ڈاکٹر امجد چشتی، پیر ضیا المصطفی حقانی، پیر سیف الرحمان قادری، سید شکیل انجم اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ طالبان ہزاروں پاکستانیوں کے قاتل ہیں، ان سے مجرموں والا سلوک کیا جائے۔ مذاکرات کا ڈھونگ بے نقاب ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کی آنکھیں اب کھل جانی چاہیں۔ قوم کو بہت بیوقوف بنایا جا چکا ہے۔ اب حکمران فوج کو دہشت گردوں کے صفایا کے لئے فری ہینڈ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت طالبان کی حمایتی جماعتوں اور حواری ملاوں کی سرگرمیوں کا بھی حکومت نوٹس لے۔ یہی دہشت گردوں کو مقامی سطح پر وارداتوں میں معلومات اور تعاون فراہم کرتے ہیں۔ ایک سوال پر ڈاکٹر طاہرالقادری کے حکمرانوں کے خلاف عوامی ایف آئی آر درج کروانے کے اعلان کی حمایت کرتے ہوئے پیر معصوم نقوی نے کہا کہ میاں نواز شریف نے جد ہ جلاوطنی سے کچھ سبق نہیں سیکھا۔ اداروں سے لڑائی اور دہشت گردوں کی سرپرستی سے انہیں کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ اپنے رویے بدلیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں منافقت نہیں ہونی چاہیے، غریبوں کے حقوق کی طاہرالقادری سمیت جو بھی بات کرے گا، جے یو پی نیازی اس کا ساتھ دے گی۔ اتحاد اہل سنت پر زور دیتے ہوئے پیر معصوم شاہ نقوی کا کہنا تھا کہ جمعیت علما پاکستان اعجاز ہاشمی گروپ کے ساتھ جے یو پی نیازی کے اچھے تعلقات ہیں۔ ان میں اب آپس میں ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے والا کوئی نہیں رہا۔ تاہم زبیر گروپ مزید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گا۔ خود صاحبزادہ ابوالخیر زبیر کو بھی میاں نواز شریف کے ایجنٹ پیر محفوظ مشہدی عنقریب جمعیت سے نکال باہر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو پی نیازی میں مزید جماعتیں ضم ہوں گی۔
خبر کا کوڈ : 391161
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش