0
Friday 13 Jun 2014 20:37

بلتستان میں شب برات پر عقیدت و احترام کا منفرد انداز

بلتستان میں شب برات پر عقیدت و احترام کا منفرد انداز
رپورٹ: میثم بلتی

شب ولادت امام زمانہ (عج) بلتستان میں نہایت عقیدت و احترام اور منفرد انداز میں منائی جاتی ہے۔ اس شب لوگ عقیدت کے طور پر پہاڑیوں، عمارتوں، امام بارگاہوں، مساجد اور قبور پر شمعیں اور قندیلیں روشن کرتے ہیں۔ پورے علاقے میں جشن برپا ہوتا ہے۔ لاوڈ اسپیکرز پر اونچی آواز میں منقبت اور قصائد لگائے جاتے ہیں، پوری فضاء منقبت کی صداوں سے گونجتی رہتی ہے۔ اس شب سرشام جہاں عمارتوں اور عبادت گاہوں پر قمقمے روشن کئے جاتے ہیں وہاں لوگ خوبصورت لباس زیب تن کر کے طرح طرح کے کھانے اور تبرکات لے کر قبور کا رخ کرتے ہیں۔ قبور پر شمعیں روشن کرنے اور عود جلانے کے علاوہ تبرکات اور مٹھائیاں تقسیم کی جاتی ہے، اور مرحومین کی مغفرت کے لیے دعائیں مانگی جاتی ہے۔

یہ رات عام لوگوں کے علاوہ بچوں کے لیے خصوصی اہمیت کی حامل ہوتی ہے، بچے طرح طرح کی مٹھائیوں سے لطف اندوز ہونے کے علاوہ عیدی بھی وصول کرتے ہیں اور جگہ جگہ پٹاخے چلاتے ہیں اور آتش بازی کا بھی خوب مظاہرہ کیا جاتا ہے۔ اندھیرا چھا جانے کے بعد پہاڑوں پر موجود چراغاں اور آتش بازی سے فضا مسحور کن ہو جاتی ہے۔ قبور پر حاضری کے بعد لوگ اپنے گھروں کو واپس لوٹتے ہیں اور پھر امام بارگاہوں اور جلسہ گاہوں کی طرف رخ کرتے ہیں، جہاں رات بھر جشن منایا جاتا ہے۔ منقبت خوانی، قصیدہ خوانی، دروس اور خطابات کے علاوہ اعمال نیمہ شعبان بجا لائے جاتے ہیں۔ فجر کی نماز سے قبل لوگ جلوسوں کی شکل میں عریضہ حاجت کو بہانے کیلئے دریائے سندھ کا رخ کرتے ہیں۔ جلوس درود کی گونج اور "یا امام المنتظر" "العجل العجل" کی صداوں کے ساتھ نہایت عقیدت و احترام سے عریضہ حاجت کا عمل بجا لاتے ہیں۔ فجر کی نماز کے بعد لوگ اپنے گھروں کو لوٹتے ہیں۔ یہ رات امام العصر سے قرب اور دعا و مناجات کی رات کے طور پر پوری آب و تاب کے ساتھ منائی جاتی ہے۔ علاقہ بھر میں چراغاں اور شمعیں روشن کرنا اس بات کی علامت سمجھی جاتی ہے کہ پورا علاقہ امام کے ظہور کے لیے آمادہ اور منتظر ہے۔
خبر کا کوڈ : 391814
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش