0
Monday 16 Jun 2014 09:33

کشمیری مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں، چوہدری عبدالمجید

کشمیری مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ کشمیری مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں۔ پاک بھارت مذاکرات میں کشمیریوں کی نمائندگی ضروری ہے۔ صحافی صحافت ذمہ داری کے ساتھ کریں، مسائل کی نشاندہی کریں، انتظامیہ ان کے حل کے لیے اقدامات کرے گی۔ تاریخ میں پہلی بار اپوزیشن ارکان اسمبلی کو بھی حکومتی ارکان کے برابر ترقیاتی فنڈز دیے۔ لیپہ ٹنل کی تعمیر سے علاقہ کے لوگوں کی معاشی زندگیاں تبدیل ہو جائیں گی۔ وہ اتوار کے روز یہاں ہٹیاں بالا پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے نومنتخب صدر ظاہر شاہ ہمدانی، پیپلز پارٹی کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ناصر چک اور دیگر افراد نے بھی خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے، مثبت تنقید کے ذریعے مسائل کی نشاندہی اس کا کام ہے۔ موجودہ دور میں صحافت کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں، حکومت پر مثبت تنقید میڈیا کا حق ہے، تاہم کسی کی عزت پر حملہ اور ریاست کے مفادات پر یہ حق مقدم نہیں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں کی موجودہ حکومت تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے، حق خودارادیت کے حصول اور آزادخطہ کی تعمیر و ترقی کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ایسے بڑے بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جن کی تکمیل سے آزادکشمیر بڑی معاشی سرگرمیوں کا محور و مرکز بن جائے گا۔ روزگار کے مواقع پید اہوں گے اور عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔

چوہدری مجید نے کہا کہ ان بڑے منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی پر ہم وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے خاص طور پر شکرگزار ہیں۔ وزیراعظم نے ہٹیاں بالا اور گردو نواح کے علاقوں میں عوامی مسائل کی نشاندہی اور حکومت کے نوٹس میں لانے کے لیے ڈپٹی کمشنر اور ایس پی ہٹیاں بالا کو ہدایت کی کہ وہ عوام سے رابطہ رکھیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت کے ساتھ رابطہ میں رہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے آزادکشمیر کے تمام حلقوں بعشمول مہاجرین مقیم پاکستان میں یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کا تہیا کر رکھا ہے۔ بلاتخصیص تمام ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز دیے جا رہے ہیں اور ایسا تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم مسلح افواج کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم دفاعی اداروں کے ساتھ ہیں، ہم پہلے پاکستانی ہیں پھر کشمیری ہیں۔ پاکستان کے مفادات پر ہمارا سب کچھ قربان ہے۔ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔
خبر کا کوڈ : 392317
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش