0
Friday 27 Jun 2014 12:40
متاثرین کی مشکلات کو ختم کرنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں

دہشتگردوں کے ریاست کی عملداری کو چیلنج کرنیکے باعث لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے، نواز شریف

دہشتگردوں کے ریاست کی عملداری کو چیلنج کرنیکے باعث لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے ریاست کی عملداری کو چیلنج کیا، جس کے باعث لوگ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی پر مجبور ہوئے، وسائل کی کوئی کمی نہیں، آئی ڈی پیز کو تمام سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف آپریشن ''ضرب عضب'' میں حصہ لینے والے فوجی افسروں اور جوانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بنوں پہنچے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور کور کمانڈر پشاور خالد ربانی نے وزیراعظم نواز شریف کا استقبال کیا۔ گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی، وزیر اطلاعات پرویز رشید اور وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے آپریشن ضرب عضب میں حصہ لینے والے فوجی افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے افسران نے وزیراعظم کو آئی ڈی پیز کے مسائل پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے نقل مکانی کرنے والوں کے کیمپوں کا بھی دورہ کیا، وزیراعظم نے آئی ڈی پیز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے ریاست کی عملداری کو چیلنج کیا جس کے باعث لوگ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔ وسائل کی کوئی کمی نہیں، آئی ڈی پیز کو تمام سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نقل مکانی کرنے والوں کی تکلیف کا ادراک ہے، گھر چھوڑنا آسان کام نہیں۔ متاثرین کی مشکلات کو ختم کرنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے مزید کہا کہ آپریشن ختم ہونے کے بعد آئی ڈی پیز کو مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے آئی ڈی پیز کیلئے رمضان المبارک میں بیس ہزار روپے اضافی امداد کا بھی اعلان کیا۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی سب مشکلات دور کریں گے، رمضان پیکج میں ہر خاندان کو 40 ہزار روپے دیں گے۔ یہ احسان نہیں، حکومت کی ذمہ دری ہے۔ بنوں میں نقل مکانی کرکے آنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آپ کی دیکھ بھال پر جتنا خرچ ہوگا وہ سب حکومت برداشت کرے گی، ہم آپ کی بھرپور خدمت کرنے کی کوشش کریں گے، یہ احسان نہیں حکومت کی ذمے داری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، فوج اور حکومت مل کر مشکلوں کو آسان کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنا گھر چھوڑنا کسی کے لیے بھی آسان نہیں ہوتا، امید ہے کہ مشکل کا یہ مرحلہ جلد مکمل ہوجائے گا، جب آپ جائیں گے تو آپ کے گھروں کی تعمیر کا مرحلہ طے ہوگا، کس کس مکان کو نقصان ہوا، اس کا جائزہ لیا جائے گا اور دیکھیں گے کہ آپ کے علاقے میں کن کن کاموں کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں امن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اللہ تعالٰی ملک کو دہشتگردی اور شدت پسندی سے نجات دلائے۔ اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف آئی ڈی پیز کے کیمپ کا دورہ کرنے بنوں پہنچے تو چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی پرویز خٹک، گورنر سردار مہتاب عباسی، وفاقی وزراء پرویز رشید اور قادر بلوچ بھی ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم کو آئی ڈی پیز کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ فوجی حکام نے وزیراعظم کو نقل مکانی کرنے والوں کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 395492
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش