0
Wednesday 9 Jul 2014 12:04

یورپی یونین مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے، بیرسٹر سلطان

یورپی یونین مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے، بیرسٹر سلطان
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ یورپی یونین مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ رومانیہ جو کہ یورپی یونین کا ایک اہم ملک ہے اسے بھی اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ دنیا کی توجہ اب مسئلہ کشمیر کی طرف مبذول ہو چکی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام ایک طویل عرصہ سے قربانیاں دے رہے ہیں اور وہاں پر اپنے زور بازو سے نہتے کشمیری عوام نے بھارتی بربریت کے سامنے سینہ سپر ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور اب کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو طاقت سے نہیں دبایا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں اپنی رہائش گاہ پر رومانیہ کے سفیرایئن ایمیلئین (Ion Emilian) سے ڈیڑھ گھنٹے کی تفصیلی ملاقات میں کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اب جبکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آئے دن انسانی حقوق کی پامالیاں کر رہا ہے تو بین الاقوامی برادری کو خاموش تماشائی بن کر نہیں رہنا چاہیے اور وہاں پر بھارتی ظلم و بربریت بند کرائے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دلوائے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ امریکہ، یورپ اس خطے میں امن چاہتے ہیں لیکن اس ریجن کا اصل مسئلہ کشمیر ہے جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا نہ تو مسئلہ افغانستان حل ہو گا اور نہ ہی اس خطے میں امن قائم ہو سکے گا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ انٹرنیشنل کمیونٹی مسئلہ کشمیر کو حل کرائے تاکہ اقوام متحدہ میں سب سے پہلے آنے والا مسئلہ کشمیر حل ہو سکے۔
خبر کا کوڈ : 398298
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش