0
Friday 11 Jul 2014 03:33
غزہ پر اسرائیلی حملے سے داعش بے نقاب ہوگئی

آپریشن ضرب عضب کا دائرہ پورے ملک تک پھیلایا جائے، علامہ ناصر عباس جعفری

آپریشن ضرب عضب کا دائرہ پورے ملک تک پھیلایا جائے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کی جانب سے لاہور کے صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ افطار ڈنر کی تقریب میں مہمان خصوصی ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری تھے جبکہ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سربراہ علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ سید امتیاز کاظمی، سید اسد عباس نقوی، رانا ماجد حسین، رائے ناصر حسین اور مظاہر شگری سمیت دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ نے لاہور کی صحافی برادری کو خراج تحسین پیش کیا کہ وہ ہر ظالم حکمران کے سامنے کلمہ حق بلند کرتی رہی ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے تقریب سے اپنے خطاب میں غزہ پر اسرائیلی حملے کو عرب حکمرانوں کی بے حسی کی وجہ قرار دیا۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ پر حملہ کرکے ثابت کر دیا ہے وہ ایک دہشتگرد ملک ہے، جو جب چاہے کسی بھی وقت مظلوم فلسطینیوں پر حملہ آور ہوسکتا اور کوئی پوچھنے والا نہیں، کتنے افسوس کی بات ہے کہ ایک طرف سے مظلوم فلسطینیوں پر رمضان المبارک میں فضائی حملے جاری ہیں تو دوسری جانب امت مسلمہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے، او آئی سی مردہ گھوڑا بن چکی ہے، اب تک اسرائیلی حملوں میں درجنوں مرد، خواتین اور معصوم بچے شہید ہوچکے ہیں۔ جمعہ کو اسرائیل کی بدترین جارحیت اور بربریت کے خلاف یوم احتجاج منائیں گے اور اس حوالے سے بعد از نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان مظلوم فلسطینیوں پر مسلط کی گئی جنگ پر عالمی سطح پر کردار ادا کرے۔ ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ داعش اور دیگر دہشتگرد تنظیموں کا چہرہ کھل کر سامنے آگیا ہے کہ ان تنظیموں اور گروہوں کا جہاد فقط معصوم مسلمان ہیں، عراق و شام میں جاری ان گروہوں کی جنگ دراصل اسرائیل کے دفاع کی جنگ لڑی جا رہی ہے، پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ ان دہشتگردوں کا نشانہ فقط مسلمان ہی بن رہے ہیں، اگر یہ حقیقی جہادی ہوتے تو آج اسرائیل کو غزہ پر حملہ کرنے کی جرات نہ ہوتی، لیکن انہوں نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ ان کے اقدامات سے اسرائیل مضبوط ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منائیں گے اور ملک گیر احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور تاریخی اجتماعات کئے جائیں گے۔ نواز حکومت جعلی مینڈیٹ لیکر آئی ہے اسے حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں، طاہرالقادری کی مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے، جلد عوامی ضرب عضب نواز شریف کی جعلی حکومت کو اپنے منطقی انجام تک پہنچائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شیعہ سنی وحدت کے فروغ کیلئے کام کر رہے ہیں، چند مٹھی بھر تکفیری ہیں جو ملک کے امن کو خراب کر رہے ہیں، فوجی آپریشن ضرب عضب کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشتگردوں کے شہروں میں موجود نیٹ ورک کو بھی ختم کیا جائے اور ان دہشتگردوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنیوالوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے پوری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 398740
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش