0
Saturday 12 Jul 2014 10:09
نفرتوں، بغض و عناد اور عداوتوں کا خاتمہ کریں

فروعی مسائل اور فرقہ وارانہ تنازعات کو ہوا دینے سے گریز کریں، علامہ ساجد نقوی

فروعی مسائل اور فرقہ وارانہ تنازعات کو ہوا دینے سے گریز کریں، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ نہ صرف امت مسلمہ کی وحدت اور عالم اسلام کے اتحاد کی خاطر بلکہ اسلامیان پاکستان کو جتنی اس وقت وحدت و اتحاد اور باہمی اخوت و یگانگت کی ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی، لہذا روز مواخات کو یاد رکھتے ہوئے آج ایک بار پھر ’’صیغہ اخوت‘‘ کی تجدید کی جائے اور انصار و مہاجرین والا جذبہ بیدار کرتے ہوئے ایک دوسرے کے دکھ سکھ بانٹے جائیں، تاکہ مشکلات اور مصائب کا مقابلہ کیا جاسکے۔ پاکستانی مسلمانوں میں اس بارے میں کوئی دو آراء نہیں کہ ملک میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور قتل و غارت گری میں ملوث شرپسند عناصر کا کسی مذہب و مکتب سے کوئی تعلق نہیں بلکہ ان کا مسلک صرف اور صرف دہشت گردی ہے۔

روز مواخات کے موقع پر حوزہ علمیہ زینبیہ، مسجد زہرا دھمیال کیمپ اور چک دینال میں افطار پارٹیوں سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ پیغمبر گرامی ؐ نے قرآن کریم، احادیث اور اسلامی تعلیمات کی شکل میں نظریہ و عقیدہ اور اپنی سیرت عالیہ کی شکل میں عمل کا جو بہترین اثاثہ امت مسلمہ بلکہ عالم انسانیت کے لئے چھوڑا ہے، اس سے صحیح استفادہ کرکے حقیقی معنوں میں دنیوی و اخروی نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ پیغمبر گرامی ؐ کی آمد کا مقصد دنیا کو تاریکیوں کی گہرائی سے نکال کر نور کی بلندیوں تک پہنچانا تھا، یہی وجہ ہے کہ سرور کائنات ؐ کی تبلیغ اور جدوجہد سے آج اسلام ایک ایسا دین بن کر سامنے ہے کہ جو ہر شخص، ہر طبقے اور ہر معاشرے کو زوال سے نکال کر کمال کی منزل تک پہنچا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماہ صیام میں چونکہ دل اور روح نیکی اور پرہیزگاری کی جانب مائل ہوتے ہیں لہذا اس ماہ مبارک میں دین اسلام کے اصولوں پر عمل کرنے کی بہترین مشق کا موقع میسر آتا ہے۔ انفرادی عبادت و ریاضت اور تزکیہ و تقویٰ کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کے اجتماعی امور کی جانب بھی توجہ دی جانی نہایت ضروری ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل و مشکلات کا واحد حل تعلیمات قرآن اور سیرت پیغمبر گرامی ؐ سے صحیح استفادہ اور اتحاد و وحدت میں مضمر ہے۔ باہمی محبت و رواداری کو فروغ دیں، نفرتوں بغض و عناد اور عداوتوں کا خاتمہ کریں، فروعی مسائل اور فرقہ وارانہ تنازعات کو ہوا دینے سے گریز کریں اور مشترکات پر جمع ہو کر وحدت کا عملی مظاہرہ کریں، تاکہ وطن عزیز سے بدامنی، دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل و مشکلات کا بھی خاتمہ ممکن ہوسکے۔
خبر کا کوڈ : 398876
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش