0
Friday 25 Jul 2014 00:11
اسرائیل دہشتگردی اور جنگی جرائم میں ملوث ہے، نواز شریف

اسرائیلی جارحیت کیخلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جمعہ کو یوم سوگ کا اعلان

اسرائیلی جارحیت کیخلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جمعہ کو یوم سوگ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کل یوم سوگ منانے اور دس لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینیوں کے اظہار یکجہتی کے لئے کل ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ کل ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی طرف سے غزہ کے لئے امداد کی اپیل پر 10 لاکھ ڈالر امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا اسرائیل دہشت گردی اور جنگی جرائم میں ملوث ہے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق فلسطینی عوام سے یکجہتی کے لیے جمعہ کے روز پاکستان میں یوم سوگ منایا جائے گا، سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ غزہ کی صورت حال پر وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے یوم سوگ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے غزہ کے متاثرین کے لیے 10 لاکھ ڈالر امداد دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ یاد رہے کہ غزہ پر اسرائیل نے 7 اور 8 جولائی کی درمیانی شب سے حملے شروع کیے تھے، اسرائیلی جارحیت کو 17 دن مکمل ہونے کو ہیں اور اس دوران ہلاکتوں کی تعداد 747 تک جا پہنچی ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ میں اسرائیل کے خلاف تحقیقات کا آغاز ہوچکا ہے، اس کے باوجود غزہ پر جارحیت کا سلسلہ نہیں رک سکا ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک ہلاک ہونے والوں میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے۔

حماس نے بھی اسرائیل کی جانب سے آٹھ سال سے جاری غزہ کا محاصرہ ختم نہ کرنے تک جنگ جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔ ادھر اسرائیل نے تسلیم کیا ہے کہ حماس اس کے لیے ایک مضبوط دشمن کے طور پر سامنے آئی ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹینینٹ کرنل پیٹر لرنر نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ حماس کے جنگجو تربیت یافتہ ہیں، ان کے حوصلے بلند ہیں، ہمارا مقابلہ ایک مضبوط دشمن سے ہے۔ یاد رہے کہ چار روز قبل ہی اسرائیل نے غزہ میں زمینی کارروائی کا آغاز کیا تھا، ان چار دنوں میں ہی اسرائیل کے 30 سے زائد فوجی ہلاک ہوچکے ہیں جو کہ گذشتہ چند سالوں میں اسرائیل کا بڑا نقصان بتایا جا رہا ہے، اس کے علاوہ غزہ میں اسرائیلی فوجی کے یرغمال بنائے جانے کی بھی اطلاعات ہیں، مگر اس کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 401349
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش