0
Friday 15 Aug 2014 22:18

مقبوضہ کشمیر کے شہری آج بھی آزادی سے محروم

بھارت میں یوم آزادی پرمقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ منانیکا اعلان، شٹر ڈاون ہڑتال
مقبوضہ کشمیر کے شہری آج بھی آزادی سے محروم
کشمیری عوام بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں
اسلام ٹائمز۔ دنیا بھر میں کشمیری آج بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منا کر دنیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ بھارت نے ان کے حق خودارادیت کو سلب کر رکھا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما سید علی گیلانی نے آج بھارت کے یوم آزادی پر یوم سیاہ منانے کی اپیل کی تھی۔ مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے اور سڑکوں پر سناٹا ہے۔ یوم آزادی پر بھارتی فورسز کے انتہائی سخت اقدامات کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر فوجی چھاونی میں تبدیل ہو کر رہ گیا ہے۔ آج کشمیر کے دونوں حصوں اور دنیا بھر کے دارالحکومتوں میں کشمیری عوام ریلیوں، مظاہروں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کرکے دنیا کو پیغام دیں گے کہ وہ جموں و کشمیر پر بھارتی تسلط کو تسلیم نہیں کرتے۔ حریت کانفرنس کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں یوم آزادی کی تقریبات کے انعقاد کا کوئی حق نہیں رکھتا کیونکہ اس نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔ ادھر نئی دلی میں بھارت کے یوم آزادی پر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر انہیں شرمندگی ہے۔ بھارتی عوام کو ایسے معاملات پر بیٹیوں سے نہیں بیٹوں سے پوچھ گچھ کرنی چاہیئے۔

دیگر ذرائع بھارت کی یوم آزادی کے موقع پر کشمیری عوام بھارتی تسلط کے خلاف یوم سیاہ منا رہی ہے اور اس موقع پر پوری وادی میں ہڑتال ہے۔ کشمیری آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں۔ جس کا مقصد بھارت کو یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کرکے اُس کے پاس کشمیر میں یوم آزادی منانے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں۔ آج پوری وادی میں کرفیو کا سا سماں ہے۔ سنسان گلیوں اور بازاروں میں غاصب سکیورٹی فورسز کے علاوہ کوئی شخص نظر نہیں آ رہا۔ اس ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دے رکھی ہے جس نے اس موقع پر پر امن مظاہرے کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ بھارت نے اس موقع پر وادی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے ہیں۔ بھارتی عوام جہاں آزادی کی خوشیاں سمیٹ رہے ہیں وہیں مقبوضہ کشمیر کے شہری آج بھی آزادی سے محروم ہیں۔ کشمیری عوام آج کا دن یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، حریت کانفرنس کی کال پر سری نگر میں شٹرڈاوٴن ہڑتال کی گئی، کاروبار زندگی معطل اور سڑکوں سے ٹریفک غائب ہے۔ سری نگر کے عوام کا کہنا ہے کہ بھارت نے کشمیری عوام سے سیاسی ،مذہبی اور اقصادی آزادی چھین رکھی ہے، اس لیے کشمیریوں کے پاس آزادی کی تقریب منانے کا کوئی جواز نہیں۔
خبر کا کوڈ : 404940
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش