0
Saturday 6 Sep 2014 11:04
مولانا فضل الرحمٰن نے اپیل کی، الطاف حسین مان گئے

الطاف حسین نے ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کے استعفوں کا فیصلہ موخر کر دیا

الطاف حسین نے ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کے استعفوں کا فیصلہ موخر کر دیا
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی درخواست پر ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کے استعفے کا فیصلہ موخر کر دیا۔ لندن سے جاری بیان کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے ملک میں گذشتہ کئی دنوں سے جاری سیاسی بحران اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ مولانا فضل الرحمٰن نے الطاف حسین سے درخواست کی کہ ایم کیو ایم ایک بڑی عوامی جماعت ہے اور ملکی سیاست میں اس کا اہم کردار ہے لہٰذا وہ ایم کیو ایم کے ارکان پارلیمنٹ کے استعفے کے فیصلے پر نظرثانی کریں اور ملک کی سیاسی تاریخ کے اس اہم موڑ پر اپنے مؤقف کو بیان کرنے اور جمہوریت کی بقاء کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے ایم کیو ایم کے ارکان کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی بھی ہدایت کریں۔

الطاف حسین نے مولانا فضل الرحمن کی درخواست پر ایم کیو ایم کے ارکان پارلیمنٹ کے استعفے کے فیصلے کو مؤخر کر دیا اور انہیں یقین دلایا کہ ایم کیو ایم کے نمائندے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ مولانا فضل الرحمن نے الطاف حسین کی اس بات کی مکمل تائید کی کہ ملک میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور نازک صورتحال کے پیش نظر دو سیاسی جماعتوں کے احتجاجی دھرنے ملتوی کر دیئے جائیں۔ دونوں رہنماؤں نے ملک میں طوفانی بارشوں اورسیلاب سے بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر بھی شدید افسوس کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اس وقت ملک کی تمام جماعتوں کو آپس میں متحد ہوکر قدرتی آفات کے متاثرین اور آئی ڈی پیز کی بھرپور مدد کرنا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 408451
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش