0
Tuesday 23 Sep 2014 19:31

عام انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کی رپورٹ نے سب کچھ عیاں کردیا ہے، شاہ محمود قریشی

عام انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کی رپورٹ نے سب کچھ عیاں کردیا ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے دو ہزار تیرہ کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ نے ہمارے خدشات کی توثیق کردی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ دسمبر دو ہزارتیرہ کو جاری کی گئی، نو ماہ تک کیوں چھپائی گئی؟، نوازشریف نے یورپی یونین کی رپورٹ لہرا کر الیکشن کو شفاف قرار دیا، اب میں رپورٹ کس کے سامنے لہراؤں؟، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے تسلیم کرلیا ہے کہ وہ شفاف انتخابات نہیں کرا سکا، ناقص سیاہی دی گئی کسی کا احتساب نہیں ہوا۔ مرضی کے انتخابی نتائج حاصل کئے گئے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کاغذات نامزدگی کا سارا عمل بےمعنی تھا، پولنگ کا وقت بڑھایا گیا کہیں ووٹ پڑتے رہے کہیں پولنگ روک دی گئی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عبوری حکومت اور الیکشن کمیشن میں رابطے کا فقدان تھا، پولنگ اسٹیشن، عملہ اور پولنگ سکیمیں تبدیل ہوتی رہیں، ان کا کہنا تھا کہ حکومت مذاکرات اور عدالتی کمیشن سے بھاگ گئی، انھوں نے بتایا کہ اسپیکر کو تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کو اکٹھے بلانے کیلئے خط لکھا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق، تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عام انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کی رپورٹ نے سب کچھ عیاں کردیا ہے جبکہ اس سے عمران خان کے مطالبات بھی درست ثابت ہو چکے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عام انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کی رپورٹ انتہائی سنجیدہ ہے جس نے سب کچھ عیاں کردیا ہے لیکن بتایا جائے کہ اس رپورٹ کو 9 ماہ تک کیوں خفیہ رکھا گیا اور اس میں ایسی کیا چیز تھی جس پر اسے عوام اور میڈیا کے سامنے نہیں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک بہت بڑے طبقے کو الیکشن کی شفافیت پر تحفظات ہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے اپنی رپورٹ میں ناکامی کا اعتراف کیا ہے، رپورٹ میں نگراں سیٹ اپ کی انتظامی غلطیوں کی بھی نشاندہی ہورہی ہے، عام انتخابات میں شفاف الیکشن کا ڈھنڈورا پیٹا گیا لیکن الیکشن کمیشن کا جانچ پڑتال کرنے والا سیل غیر فعال تھا اس طرح الیکشن میں جانچ پڑتال کا مذاق بنایا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ الیکشن سے پہلے بےپناہ بیلٹ پیپر اردو بازار سے چھپوائے گئے جس پر شدید تشویش تھی اور یہ دھاندلی کا ایک حصہ تھا، رپورٹ میں بیلٹ پیپر کی ایک لمبی کہانی ہے، پولنگ کے اختتام سے پہلے ایک گھنٹے کا وقت بڑھایا گیا جس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں تھا لیکن اس پرعملدرآمد سب جگہ نہیں ہوا، پولنگ ختم ہونے کے 15 منٹ بعد ہی ٹی وی پر الیکشن کا نتیجہ نشر کرکے تماشہ لگایا گیا اور نتائج میں ہاتھ کی صفائی دکھائی گئی جس کے خلاف اسلام آباد میں احتجاج کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کم از کم کاغذات میں ایک خودمختار ادارہ ہے، شفاف الیکشن کرانا اس کی آئینی ذمہ داری تھی جس میں وہ ناکام رہا ہے، الیکشن میں مقناطیسی سیاہی ایک اہم مسئلہ تھا جس پر قوم کا بےانتہا پیسہ خرچ کیا گیا لیکن وہ بھی ناقص نکلی، دو نمبر سیاہی استعمال کرنے سے سارے مقصد پر پانی پھیر دیا گیا جس پر عوام جاننا چاہتے ہیں کہ اس کی حقیقت کیا تھی اور جن اداروں نے یہ سیاہی فراہم کی ان کے خلاف کیا کارروائی ہوئی۔

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نے کہا کہ یہ الیکشن ریٹرننگ افسران کا الیکشن تھا کیونکہ پولنگ کے آخری وقت تک عملہ اور پولنگ اسٹیشن تبدیل ہوتے رہے لیکن کسی سے کچھ نہیں پوچھا گیا اور ناتجربہ کار لوگوں کو تعینات کیا گیا جس کی مصلحت کیا تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اسمبلی میں یورپی یونین سمیت دیگر اداروں کی رپورٹیں لہرا کر کہا کہ الیکشن شفاف تھے لیکن اب وہ بتائیں ہم الیکشن کمیشن کی اس رپورٹ کو کہاں جا کر لہرائیں جو ان کے موقف کی نفی کررہی ہے جبکہ اس رپورٹ نے عمران خان کے مطالبات کو سچ ثابت کردیا ہے۔ حکومت سے مذاکرات پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کی 15 نشستیں ہوئیں جس پر کسی نہ کسی نتیجے پر پہنچ چکے تھے، جوڈیشل کمیشن پر اتفاق ہو چکا تھا لیکن اس کے بعد حکومت آج بھی ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے کیونکہ آخری نشست میں اسحاق ڈار نے وزیراعظم سے مشورے کے بعد آنے کا کہا تھا اور وہ آج تک نہیں آئے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے عام انتخابات سے متعلق رپورٹ سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویب سائٹ پر جاری رپورٹ سے الیکشن کمیشن کا کوئی تعلق نہیں تاہم اس پر حقائق نامہ 29 ستمبر کو پارلیمانی کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 411237
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش