0
Sunday 12 Oct 2014 19:55

جعفریہ طلبہ کے مرکزی کنونشن میں شیعہ علما کونسل کی قیادت اور اہم رہنماوں کی شرکت اور خطابات

جعفریہ طلبہ کے مرکزی کنونشن میں شیعہ علما کونسل کی قیادت اور اہم رہنماوں کی شرکت اور خطابات
اسلام ٹائمز۔ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی کنونشن میں شیعہ علما کونسل پاکستان کی قیادت اور تمام اہم رہنماوں نے شرکت کی اور کنونشن کی مختلف نشستوں میں جعفریہ طلبہ سے خطابات کیئے۔ جے ایس او کے مرکزی کنونشن کے پہلے دن شیعہ علما کونسل خیبر پختون خواہ کے رہنما مولانا رمضان توقیر تشریف لائے اور تنظیمی نشست میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ جبکہ پہلے ہی دن رات کے وقت شیعہ علما کونسل کے مرکزی رہنما علامہ عارف واحدی تشریف لائے۔ دوسرے دن کی پہلی نشست کی ابتدا میں شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ احسان علی اتحادی نے تربیتی خطاب کیا، جس کے بعد شیعہ علماء کونسل خیرپور کے ضلعی صدر اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مجلس نظارت کے رکن علامہ سید اسد اقبال زیدی نے مرکزی مجلس عمومی سے حلف لیا، جس کے بعد اجلاس اپنے شیڈول کے مطابق جاری رہا ۔ اجلاس کا ماحول اس وقت قابل دید تھا جب شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی پنڈال میں پہنچے، جعفریہ نوجوانوں نے پنڈال پہنچتے ہی ان کا والہانہ استقبال کیا۔ علامہ عارف واحدی نے اپنے خطاب میں تنظیم سازی اور علمی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج قومی قیادت کے حقیقی قوت بازو بننے کیلئے آپ جوانوں پر لازم ہے کہ ہم علمی اور تربیتی صلاحیتوں کے اعلیٰ درجوں پر فائز ہو جائیں۔ جس کے بعد شیعہ علماء کونسل خیبر پختوں خواہ کے صوبائی صدر علامہ رمضان توقیر نے خطاب کیا۔ علامہ رمضان توقیر نے اپنے خطاب میں حالات حاضرہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوان طبقہ کی اہمیت اور معاشرہ پر ان کا اثر و رسوخ مسلمہ ہے۔ بعد ازاں دوسرے دن کی دوسری نشست میں نئے امیر کاروان کے انتخاب کے مراحل اور دستوری ترامیم کا سلسلہ جاری رہا۔ آخری اور اختتامی نشست سے شیعہ علما کونسل کے قائد علامہ سید ساجد علی نقوی نے خطاب کیا اور جے ایس او کا مرکزی کنونشن اختتام پذیر ہو گیا۔
خبر کا کوڈ : 414327
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش