0
Thursday 16 Oct 2014 23:21

جامعۃ النجف اسکردو میں منعقدہ جشن عید غدیر کی روح پرور محفل کی رپورٹ

جامعۃ النجف  اسکردو میں منعقدہ جشن عید غدیر کی روح پرور محفل کی رپورٹ
رپورٹ: میثم بلتی

عید سعید غدیر کے سلسلے میں حوزہ علمیہ جامعۃ النجف اسکردو میں ایک عظیم الشان جشن منعقد ہوا جس میں علماء، طلباء اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس تقریب کی صدارت حجۃ الاسلام شیخ محمد علی توحیدی نے کی جبکہ حجۃ الاسلام ڈاکٹر شبیر حسین فصیحی مہمان خصوصی تھے۔ حجۃ الاسلام شیخ محمد اشرف مظہر نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ معروف قاریٔ قرآن حجۃ الاسلام عابد حسین مطہری نے تلاوت کلام مجید سے جشن کو منور کیا۔ ذاکر اہل بیت سخاوت حسین، محمد علی اور سید قائم علی شاہ نے نذرانۂ منقبت پیش کیا۔ اس جشن میں معروف شعرائے کرام نے اپنا تازہ کلام پیش کر کے داد تحسین پیش کیا۔ شعرائے کرام میں شیخ عابد حسین مطہری، شیخ عسکری جوہری، شیخ محمد اشرف مظہر اور شیخ محمد تقی ممتازی شامل تھے۔ مہمان خصوصی حجۃ الاسلام ڈاکٹر شبیر حسین فصیحی نے کہا کہ رسول اکرم (ص) نے ایک عظیم دین کی تبلیغ کی اور ایک لافانی مشن کی تکمیل کی۔ آپ اسلام اور مسلمانوں کے سب سے زیادہ ہمدرد اور شفیق باپ تھے۔ یہاں تک کہ خدا نے کہا کہ اے رسول (ص) کہیں آپ بعض لوگوں کے مسلمان نہ ہونے کے غم میں اپنے آپ کو ہلاک نہ کر ڈالیں۔ یقیناََ اس رسول کو اسلام کے مستقبل کے بارے میں اور امت کی معنوی، فکری علمی و دینی قیادت کے بارے میں سب سے زیادہ فکر لاحق تھی لیکن اللہ نے اعلان غدیر کا حکم دے کر آپ (ص) کو اس تشویش سے نجات دی۔

آقائے فصیحی نے کہا کہ حدیث نبوی کی رو سے رسول اکرم (ص) نے امت سے فرمایا کہ مجھے تمہارے بارے میں شرک کا اتنا خوف نہیں ہے جتنا خوف اس بات سے ہے کہ تم دنیا پرستی میں مبتلا ہو جاؤ گے اور باہمی اختلاف کا شکار ہو جاؤ گے۔ انہی خطرات سے بچاؤ کے لئے اعلان غدیر کا اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں علی علیہ السلام کی سیرت پر چلتے ہوئے عالم اسلام کی وحدت اور اتحاد کے لئے کمر بستہ ہونا چاہیئے۔ صدر محفل شیخ محمد علی توحیدی نے اپنے صدارتی خطبے میں کہا کہ رسول اللہ نے اللہ کے حکم سے اعلان ولایت کے لئے جس قدر اہتمام کیا اس قدر کسی اور حکم کے ابلاغ کے لئے اہتمام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اعلان غدیر کے ذریعے رسول اکرم نے دنیا کے تمام نظاموں کے مقابلے میں رہتی دنیا تک کے لئے ایک لافانی سیاسی، دینی، معاشرتی اقتصادی اور فکری نظام دیا جس سے اسلام سربلند ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم (ص) نے علی علیہ السلام کی ولایت کے اعلان کے ذریعے دنیا کو گڈ گورننس، سیاست میں شفافیت اور انتخاب احسن کا نمونہ دکھا دیا۔ آنحضرت (ص) نے اپنے بعد عالم امکان کے سب سے بڑے ولی خدا کی ولایت کو اپنی ولایت کا تسلسل قرار دے کر عالم انسانیت کو ایسی معنوی و ظاہری قیادت فراہم کی جو ہر قسم کے شکوک و شبہات سے بالاتر ہو۔

انہوں نے کہا کہ علی اور آل علی کی ولایت ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہے اور اس سرمائے سے صحیح استفادہ کرتے ہوئے ہم ایک مثالی انسانی معاشرہ قائم کرسکتے ہیں۔ لیکن اس سرمائے کی حفاظت اسکی ترویج ایک عظیم ذمہ داری ہے جسے نبھانے کے ہم پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسفہ غدیر کو سمجھنا اور سمجھانا ایک آگاہ مسلمان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ موصوف نے مزید کہا کہ واقعۂ غدیر پر تمام مسلمان محدثین اور مورخین کا اتفاق ہے اور بہت سے شیعہ و سنی علماء و دانشوروں نے اس موضوع پر استدلالی کتابیں لکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ غدیر تمام مسلمانوں کو اتحاد و اتفاق اور باہمی الفت و برادری کی دعوت دیتا ہے۔ آج عالم اسلام اور پاکستان مشکلات کے ہاتھوں گرفتار ہے اور تمام مسلمانوں کو فرقہ بندی چھوڑ کر ملک و وطن کی حفاظت کے لئے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 414996
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش