0
Tuesday 28 Oct 2014 17:00

عزاداری پر کوئی قدغن برداشت نہیں کرینگے، مذہبی آزادی آئین پاکستان نے دی ہے، علامہ عارف واحدی

عزاداری پر کوئی قدغن برداشت نہیں کرینگے، مذہبی آزادی آئین پاکستان نے دی ہے، علامہ عارف واحدی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ ملک میں ہر مذہب و مسلک کو اپنی عبادات کا پورا حق حاصل ہے، عزاداری سید الشہداء پر کوئی قدغن برداشت نہیں کرینگے، حکومت مجالس و جلوس ہائے عزا کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرے، ایام عزا میں عوامی رابطوں کیلئے مرکزی محرم الحرام کمیٹی میں خصوصی ڈیسک بھی قائم کر دیا گیا، عوام 24 گھنٹے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ملک کے مختلف علاقوں سے آئے علمائے کرام، مجالس عزا کے منتظمین اور شہر کے معززین سے ملاقاتوں کے بعد کیا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ کچھ شرپسند عناصر عزاداری سید الشہداء کے خلاف پراپیگنڈا کرتے ہیں حالانکہ مجلس و عزاداری کسی مسلک کے خلاف نہیں بلکہ یزیدیت کے خلاف احتجاج ہے جو جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری سید الشہداء پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کرسکتے کیونکہ یہ ہماری شہری آزادیوں کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کو اپنی عبادات اپنے طریقے سے ادا کرنے کی پوری آزادی ہے اور اس پر کوئی قدغن برداشت نہیں کی جاسکتی کیونکہ مذہبی آزادی آئین پاکستان نے دی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسلام میں انتہاء پسندی اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں اور نہ ہی ان کا امن و آشتی کے مذہب سے کوئی تعلق ہے انہوں نے کہاکہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ہمیشہ اتحاد و وحدت کا درس دیا اور ہم اسی سلسلے کو آگے بڑھا رہے ہیں کیونکہ ملک کے استحکام اور اسلام کی سربلندی کیلئے اتحاد امت ضروری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایام عزا میں عوام کی سہولت کیلئے مرکزی دفتر میں خصوصی ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے جو 24 گھنٹے عزاداروں کی شکایات سننے اور ان کے ازالے کیلئے اپنا کام کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی محرم الحرام کمیٹی کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر میں بھی کمیٹیاں قائم کردی ہیں تاکہ جلوس و مجالس ہائے عزا پرامن طریقے سے بپا ہوسکیں۔ انہوں نے اس موقع پر ملک کی امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر حکومت سے بھی مطالبہ کیاکہ وہ مجالس و جلوس ہائے عزا کو فول پروف سیکورٹی فراہم کریں اور اس سلسلے میں کسی بھی غفلت سے اجتناب کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 416917
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش