0
Monday 10 Nov 2014 14:11

قومی اداروں کی نجکاری کیخلاف اپوزیشن جماعتیں اسلام آباد میں دھرنا دینگی، سینیٹر رضا ربانی

قومی اداروں کی نجکاری کیخلاف اپوزیشن جماعتیں اسلام آباد میں دھرنا دینگی، سینیٹر رضا ربانی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سینیٹر رضا ربانی نے نجکاری کمیشن کے چیئرمین زبیر احمد کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ادارے ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں ان کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا، او جی ڈی سی ایل سمیت قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف اپوزیشن جماعتیں اسلام آباد میں دھرنا دیں گی۔ وہ پیپلز لیبر بیورو سندھ اور آل ورکرز یونین او جی ڈی سی ایل کے زیراہتمام او جی ڈی سی ایل کے شیئرز فروخت کرنے کے خلاف اولڈ کیمپس سے حیدر آباد پریس کلب تک نکالی گئی ریلی اور احتجاجی دھرنے سے خطاب کر رہے تھے، پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی، ایم این اے امیر علی شاہ جاموٹ، چوہدری منظور حسین، چوہدری محمد اکرم، رانا سلیم خان، وزیراعلیٰ کے سیاسی معاون عبدالجبار خان، پی پی ضلع حیدرآباد کے صدر زاہد علی بھرگڑی، لیبر بیورو کے صوبائی رہنماء لعل بخش کلہوڑو، خواجہ محمد اعوان، فیاض شاہ اور دیگر مزدور رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر شرکاء نے وزیراعظم نواز شریف اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین زبیر احمد کے پتلے بھی نذرِ آتش کئے، ریلی کے شرکاء کتبے اور بینر اٹھائے ہوئے تھے جن پر لکھا ہوا تھا او جی ڈی سی ایل کی نجکاری ملک سے غداری، نواز شریف شرم کرو حیا کرو، مزدوروں کا معاشی قتل بند کرو، ایک کارکن زنجیروں سے بھی اپنے دونوں ہاتھ باندھے ہوئے تھا۔

سینیٹر رضا ربانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف اس وقت تک جنگ جاری رہے گی جب تک نجکاری کا فیصلہ واپس نہیں لے لیا جاتا، نواز حکومت سرمایہ داروں کی حکومت ہے جو غریبوں اور محنت کشوں سے کوئی ہمدردی نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہرالقادری نے اسلام آباد میں دھرنا دیا پارلیمنٹ پر حملہ کیا مگر ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی لیکن محنت کشوں نے اپنے حقوق اور قومی اداروں کو بچانے کے لئے اسلام آباد میں احتجاج کیا تو ان پر لاٹھیاں برسائی گئیں حالانکہ وہ وزیراعظم نواز شریف سے استعفیٰ لینے نہیں آئے تھے۔ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ نواز حکومت جب بھی آتی ہے ہمیشہ غریبوں کو بیروزگار کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کو گمراہ کر رہے ہیں اس وقت ملک کے 69 اداروں کو فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اس میں سے صرف 11 ادارے خسارے میں ہیں جن میں 8 بجلی کی تقسیم کے ادارے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کی حکومت نے 24 سال میں 167 ادارے فروخت کرنے کے باوجود ملک سے قرضوں کا بوجھ نہیں اتارا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ادارے عمران خان، نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے نہیں قوم کا اثاثہ ہیں ان کو فروخت کرنے کی مزاحمت کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 418835
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش