0
Thursday 20 Nov 2014 17:29
نیپال میں وزیراعظم بھارتی ہم منصب سے ملاقات نہیں کرینگے

آپریشن ضرب عضب میں دہشتگردوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے، دفتر خارجہ

آپریشن ضرب عضب میں دہشتگردوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے، دفتر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ نیپال میں رواں ماہ ہونے والی سارک سربراہی کانفرنس میں وزیراعظم نواز شریف شرکت کریں گے لیکن ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات نہیں ہوگی۔ دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی سے متاثرہ ملک ہے، خطے میں معاشرتی عدم مساوات، غربت اور بے روزگاری سمیت دیگر مسائل نے دہشت گردی کو ہوا دی تاہم پاکستان غربت کے خاتمے کے لئے کوششیں کررہا ہے۔ مسلح افواج نے آپریشن ضرب عضب شروع کررکھا ہے جس میں دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لئے افغانستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے اور افغان صدر اشرف غنی کا حالیہ دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے اور تعلقات میں بہتری عروج کی جانب گامزن ہے۔ روسی وزیرِ دفاع کے حالیہ دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ نیپال میں رواں ماہ ہونے والی سارک سربراہی کانفرنس میں وزیراعظم نواز شریف شرکت کریں گے جہاں وزیراعظم کی سکیورٹی اور پروٹوکول کی ذمہ داری پاکستان خود اٹھائے گا، وہاں کسی دوسرے ملک کی گاڑی استعمال نہ کرنے کا فیصلہ وزیراعظم کے سکیورٹی اسٹاف نے کیا ہے تاہم نیپال میں وزیراعظم نواز شریف کو بھارتی گاڑی کے استعمال کی پیشکش نہیں ہوئی تھی۔ دورہ نیپال کے دوران وزیراعظم کی صرف میزبان ملک کی قیادت سے ملاقاتیں طے ہیں لیکن وہ بھارتی ہم منصب سے ملاقات نہیں کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان دیرینہ مسئلہ ہے، پاکستان نے ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کا معاملہ عالمی برادری میں اٹھایا ہے، اقوام متحدہ کے مبصرین نے ایل او سی کا دورہ کیا اور ہم نے بھارتی جارحیت سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کروایا، گذشتہ دو ہفتوں سے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے منظم حملے نہیں ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 420552
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش