0
Monday 4 May 2009 13:38

مسئلہ کشمیر حل اور آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے پاک لیبیا مشترکہ اعلامیہ

مسئلہ کشمیر حل اور آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے پاک لیبیا مشترکہ اعلامیہ
 طرابلس : پاکستان اور لیبیا نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے اسکے بنیادی اسباب دور کرنے اور اسلام و مسلمانوں کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوششوں کی مذمت کی ہے جبکہ دونوں ملکوں نے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور مقبوضہ عرب علاقوں سے اسرائیلی فوجوں کے انخلاء اور آزاد فلسطینی ریاست کا بھی مطالبہ کیا۔ صدر آصف علی زرداری کے لیبیا کے 3روزہ سرکاری دورہ کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے تمام ملکوں کی خودمختاری، سیاسی آزادی، یکجہتی اور علاقائی سالمیت کے احترام اور اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کے عالمی اصولوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا ۔ دونوں ملکوں نے عوامی رابطوں کو فروغ دینے کی اہمیت کے پیش نظر براہ راست پروازیں شروع کرنے اور جامع و کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے سے اتفاق کیا۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں نے معیشت اور تجارت کے شعبوں میں تعاون پر خصوصی توجہ دینے اور اس حوالے سے دونوں ملکوں میں پاک لیبیا بینک کھولنے سمیت مالیاتی و بینکاری شعبہ میں مکینزم قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ دونوں ملکوں نے گیس پائپ لائنیں بچھانے اور آئل ریفائنریز لگانے میں اشتراک کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جبکہ سرمایہ کاری کے تحفظ اور دہرے ٹیکسوں سے بچاﺅ کے معاہدوں کو حتمی شکل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق فریقین نے توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کا فریم ورک قائم کرنے اور اس حوالے سے معاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے لیبیا اور پاکستان نے توانائی کے شعبہ میں مشترکہ کمپنی قائم کرنے، تیل و گیس کے شعبہ میں تعاون بڑھانے، آبی ذخائر، ڈیموں کی تعمیر اور زرعی منصوبوں کیلئے سرمایہ کاری کرنے اور مہارت کے تبادلے پر اتفاق کیا ہے ۔ دونوں ملکوں نے ترجیحی تجارتی معاہدوں کے امکانات کا جائزہ لینے سمیت جامع اقتصادی شراکت داری کیلئے دونوں ملکوں کے وزراء تجارت کو مشترکہ اسٹڈی کرنے کا اختیار دینے سے بھی اتفاق کیا۔ پاکستان اور لیبیا نے مشرق وسطیٰ میں تمام مقبوضہ عرب علاقوں سے اسرائیلی فوجوں کے انخلاء اور آزاد فلسطینی ریاست کا بھی مطالبہ کیا۔



خبر کا کوڈ : 4223
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش