0
Tuesday 2 Dec 2014 23:22

تحریک انصاف نے 15 دسمبر کو لاہور کے 6 مقامات پر دھرنوں کی حکمت عملی تیار کرلی

تحریک انصاف نے 15 دسمبر کو لاہور کے 6 مقامات پر دھرنوں کی حکمت عملی تیار کرلی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف پنجاب اور پی ٹی آئی لاہور کی کور کمیٹی کا اجلاس گلبرگ لاہور میں ہوا جس میں پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اعجاز چودھری، سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، ایم پی اے میاں اسلم اقبال، ایم پی اے منزہ حسن، ایم پی اے نوشین حامد معراج، حامد زمان، پی ٹی آئی لاہور ڈسٹرکٹ کے صدر عبدالعلیم خان، ڈاکٹر زرقا تیمور، ظہیر عباس کھوکھر، اصغر گجر، شعیب صدیقی، جمشید اقبال چیمہ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں تحریک انصاف کی جانب سے 15 دسمبر کو لاہور کو بند کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کی کال پر 15 دسمبر کو لاہور میں 6 مقامات پر دھرنے دیئے جائیں گے، یہ 6 مقامات لاہور کے تمام داخلی راستے ہیں جن پر دھرنے دے کر داخلہ بند کر دیا جائے گا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے 15 دسمبر کو شاہدرہ چوک، سگیاں پل، شالامار چوک، ٹھوکر نیاز بیگ، فیروز پور روڈ پر قینچی اور لاہور کی مرکزی شاہراہ مال روڈ پر دھرنا دیا جائے گا۔ اجلاس میں 15 دسمبر کے احتجاج کی مناسبت سے قومی و صوبائی حلقوں کے عہدیداروں اور ذمہ داروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے بھی احتجاج کو ناکام بنانے کے لئے کمر کس لی ہے۔ پنجاب حکومت نے تمام تاجروں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ 15 دسمبر کو دکانیں کھلی رکھیں اگر کسی نے زبردستی دکانیں بند کرانے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ادھر سیکرٹری داخلہ اعظم سلمان خان کا کہنا ہے کہ 15 دسمبر کو دفعہ 144 نافذ کریں گے نہ ہی ڈبل سواری پر پابندی لگائی جائے گی بلکہ شہر میں قیام امن کے لئے حکمت عملی تیار کر لی ہے اور اس کے مطابق ہی تحریک انصاف کے احتجاج کو ناکام بنایا جائے گا۔ مسلم لیگ نون لاہور کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد لطیف رانا کا ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے گفتگو میں کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ہدایات موصول ہو گئی ہیں، نون لیگ کے کارکن ہر مارکیٹ میں تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے موجود رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، نہ ہی شرپسند عناصر کو قانون ہاتھ میں لینے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں سے ملکی معیشت پہلے ہی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے، عوام بیدار ہیں وہ اقتدار ان لوگوں کو نہیں دیں گے جو ملک کے خلاف مصروف عمل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 422875
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش