0
Wednesday 17 Dec 2014 16:59
دہشتگردی کیخلاف ہمارا عزم کبھی کم نہیں ہوگا

اچھے اور بُرے طالبان کی کوئی تمیز نہیں رکھی جائے گی، نواز شریف

اچھے اور بُرے طالبان کی کوئی تمیز نہیں رکھی جائے گی، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت قومی پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس گورنر ہائوس پشاور میں ہوا۔ اجلاس میں سانحہ پشاور کی شدید مذمت کی گئی، اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور دہشتگردی کا ہر محاذ پر مقابلہ کرنے کی بات ہوئی۔ اجلاس کے بعد قومی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ پاکستان کی تاریخ میں ایسے سانحے کی مثال نہیں ملتی۔ سانحہ پشاور کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف جنگ ہماری جنگ ہے۔ دہشتگردی کیخلاف ہمارا عزم کبھی کم نہیں ہوگا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پارلیمانی جماعتوں کے اجلاس میں کئی متفقہ فیصلے کئے گئے ہیں کہ دہشتگردی سے نمنٹے کیلئے ایک ہفتے کے اندر لائحہ عمل تیار کرکے عمل درآمد کیا جائے گا۔ لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے ہر پارلیمانی جماعت اور فوج کا نمائندہ کمیٹی میں شامل ہونگے۔ قومی اور عسکری قیادت مل کر قوم کے سامنے پلان آف ایکشن پیش کریگی۔ پلان میں انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مضبوط بنانا بھی شامل ہے۔
 
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب تمام دہشتگردوں کیخلاف بلا تفریق شروع کیا گیا۔ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج نے انتہائی اہم کامیابیاں حاصل کیں، لیکن کچھ ایسے دہشتگرد ہیں جو افغانستان کی طرف بھاگ گئے ہیں۔ پاکستان اور افغانستان مل کر ان دہشتگردوں کا پیچھا کرینگے۔ اچھے اور بُرے طالبان کی سطح پر بھی تمیز نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر دہشتگردوں کو سزائیں نہیں ملیں گی تو پھر کس کو ملیں گی۔؟ وزیراعظم نے اہم اجلاس میں شرکت کرنے پر تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور عمران خان کا خصوصی طور شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دیں، بڑے بھاری زخم کھائے ہیں لیکن کل کے المناک حادثے کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ وزیراعظم نے کہا ہم سب پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمے کے خواہاں ہیں۔ ہماری قربانیاں کسی طور پر رائیگاں نہیں جائیں گی۔ نواز شریف نے کہا دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کافی حد تک ختم کر دیا گیا ہے۔ قیام امن کے لئے سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔ امن کی خاطر پاک فوج کے جوان قربانیاں دے رہے ہیں، آپریشن ضرب عضب کے مکمل ہونے سے دائمی امن قائم ہوگا۔ وزیراعظم سمیت اجلاس کے شرکاء نے شہداء پشاور کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 426320
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش