0
Sunday 11 Jan 2015 11:12

ایم کیو ایم کا وزیراعلیٰ ہاؤس پر میتوں کیساتھ جاری احتجاج ختم، پیر کو بھی ہڑتال کا اعلان

ایم کیو ایم کا وزیراعلیٰ ہاؤس پر میتوں کیساتھ جاری احتجاج ختم، پیر کو بھی ہڑتال کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے 4 کارکنوں کے مبینہ ماورائے قانون قتل کے خلاف سندھ بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے، جبکہ ایم کیو ایم نے کل بروز پیر بھی سندھ بھر میں شٹر ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ گزشتہ روز کراچی میں 4 کارکنوں کے مبینہ ماورائے قانون قتل کے خلاف ایم کیو ایم نے 9 گھنٹوں بعد وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے اپنا دھرنا ختم کر دیا اور کارکنوں کی میتیں تکفین اور نماز جنازہ کی ادائیگی کے لئے جناح گراؤنڈ عزیز آباد لے گئے۔ ایم کیو ایم کے رہنماء حیدر عباس رضوی نے میتوں کے ساتھ احتجاج ختم اور یوم سوگ میں ایک دن کی توسیع کا اعلان کر دیا۔ الطاف حسین کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے اور وزیراعلیٰ سندھ کی طرف سے نوٹس نہ لئے جانے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ آٹھ گھنٹے سے زائد وقت سے وزیراعلیٰ ہاﺅس کے سامنے موجود ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کو مہلت دی، لیکن اُنہوں نے مطالبے کے باوجود لواحقین سے اظہار تعزیت تک نہ کیا، رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے بعد پرامن طریقے سے وزیراعلیٰ ہاﺅس سے جناح گراﺅنڈ جا رہے ہیں، جہاں جنازے ہوں گے اور پھر متعلقہ قبرستانوں میں تدفین ہوگی۔

حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ جاں بحق کارکنوں کے لواحقین کی فریاد سنیں اور ہمارے کارکنوں کا آخری دیدار کرلیں، ہمیں افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ رات بھر ایم کیو ایم کے کارکن ان کا انتظار کرتے رہے، لیکن وزیر اعلیٰ سندھ یا ان کی کابینہ کے وزیر نے ایسا کرنا گوارا نہیں کیا، اب ہم پرامن طور پر اپنے کارکنوں کی میتوں اور ان کے لواحقین کی آرزؤں کو دفنائیں گے، ایم کیو ایم کل بروز پیر بھی ملک بھر میں اپنے کارکنوں کے قتل کے خلاف یوم سوگ منائے گی، جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں شٹر ڈاؤن کیا جائے گا، کاروباری تنظیموں، ٹرانسپورٹرز اور دیگر شعبہ ہائے زندگی کے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل ہے کہ کل بروز پیر بھی اپنے کاروبار بند رکھیں۔ دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کی ہڑتال کے باعث کراچی میں کاروبار زندگی مکمل طور پر معطل ہے، کاروباری مراکز، بازار اور مارکیٹوں کے علاوہ پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز بھی بند ہیں، اس کے علاوہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ کراچی کے علاوہ حیدر آباد، ٹھٹہ، سجاول، میرپور خاص، نواب شاہ، سکھر، روہڑی، پنوں عاقل، دوڑ، باندی، بدین، ٹنڈو آدم، ٹںڈو الہیار، ٹنڈو محمد خان، نوشہرو فیروز اور خیرپور سمیت دیگر شہروں میں بھی ہڑتال کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ انٹرا سٹی بسیں نہ چلنے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 431735
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش