0
Wednesday 14 Jan 2015 17:35

جماعت اسلامی نے ایم کیو ایم پر پابندی کا مطالبہ کر دیا

جماعت اسلامی نے ایم کیو ایم پر پابندی کا مطالبہ کر دیا
اسلام ٹائمز۔ پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی و امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے جان کیری کے بیان ”پاک بھارت کشیدگی پر تشویش ہے لشکر طیبہ سمیت تمام شدت پسند گروپوں کے خلاف کاروائی ہونی چاہئے“ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتنی ساری جانی ومالی قربانیوں کے باوجود امریکی وزیر خارجہ جان کیری پاکستان آ کر بھارت کی زبان بولتے ہیں۔ کیا ہی اچھا ہوتا اگر جان کیری سرحدی کشیدگی پر بھارت کی مودی سرکار کو مخاطب کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے کا کہتے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی نام نہاد جنگ میں پاکستان نے اتحادی بن کر اپنا ناقابل تلافی نقصان کیا ہے۔ بھارت نے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن سے توجہ ہٹانے کے لئے سرحد پر پُر تشدد کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جان کیری ایسی دہشت گرد تنظیموں جن کی فنڈنگ اور سرپرستی بھارت کر رہا ہے پر بھی بات کرنی چاہئے تھی مگر صد افسوس ہمارے حکمرانوں کی ناقص اور کمزور خارجہ پالیسی نے ایک مرتبہ پھر پوری قوم کو مایوس کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت 7 لاکھ فوج کے ذریعے کشمیر میں مظالم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے۔ جموں وکشمیر میں آج 20 ہزار سے زائد خواتین کی آبروریزی، لاکھوں بچے یتیم اور ہزاروں بے گناہ افراد لاپتہ ہیں۔ امریکہ اور امن کے علمبردار ممالک کو بھارتی جارحیت نظر کیوں نہیں آتی؟۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیان کے حوالے سے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ فاشسٹ تنظیم ہے جس نے 30 برسوں سے کراچی میں آگ وخون کا کھیل جاری کیا ہوا ہے۔ جماعت اسلامی اس ملک کی محب وطن جماعت ہے جس نے ہمیشہ مشکل وقت میں ملک وقوم کی خدمت کی۔ الطاف حسین متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پر حال ہی میں خود ہی بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور بوری بند لاشوں کے الزامات لگا چکے ہیں، حکومت ایم کیو ایم پر فی الفور پابندی لگائے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد قوم کا اتنا ہی دکھ درد رکھتے ہیں تو پاکستان واپس آ کر سیاست کیوں نہیں کرتے؟۔ عمران فاروق کے قاتل اور منی لانڈرنگ کرنے والے آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 432483
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش