0
Friday 23 Jan 2015 14:05

سابق وزراء اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم اور لیاقت جتوئی نے سندھ میں مارشل لاء کا مطالبہ کردیا

سابق وزراء اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم اور لیاقت جتوئی نے سندھ میں مارشل لاء کا مطالبہ کردیا
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر اعلیٰ سندھ اور رکن سندھ اسمبلی ارباب غلام رحیم اور لیاقت جتوئی نے سندھ میں مارشل لاء کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے بیان کی تائید کرتے ہیں، اس لئے نام نہاد جمہوریت سے بہتر ہے کہ سندھ میں مارشل لاء لگا دیا جائے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے مارشل لاء کے بیان کی مکمل تائید کرتا ہوں، سندھ میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کی بڑی وجہ کرپشن کو جاری رکھنا ہے، اس لئے نام نہاد جمہوریت سے بہتر ہے کہ صوبے میں مارشل لاء لگا دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ میں اس کا ہمنوا بن جاؤں، لیکن ایسا کبھی نہیں ہوگا اور پیپلزپارٹی میں شمولیت سے متعلق خبریں بھی بے بنیاد ہیں، اسمبلی میں اس لئے نہیں آتا تھا کہ کوئی یہاں بات نہیں سنتا، لیکن ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے اسمبلی آنے کے لئے کہا، جس کے بعد اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) دونوں آپس میں ملے ہوئے ہیں، اور سندھ حکومت خود مارشل لاء کی راہ ہموار کر رہی ہے، اس لئے میرے کہنے پر نہ مارشل لاء لگ سکتا ہے اور نہ ہٹ سکتا ہے، جبکہ اسمبلی کے اندر اور باہر گٹھن کا موحول پیدا کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں، گزشتہ 6 سال میں پیپلز پارٹی نے 900 ارب روپے کی کرپشن کی ہے اور ایک دن اس کا احتساب ضرور کریں گے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز جمعرات کو سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے کہا تھا کہ پیر پگارا نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی پیش گوئی کی تھی، جو اب سچ ثابت ہونے والی ہے، بلاول بھٹو زرداری جلد ہی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 434509
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش