0
Thursday 29 Jan 2015 18:30

جماعةالدعوة اور جماعت اسلامی کا گستاخانہ خاکوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ

جماعةالدعوة اور جماعت اسلامی کا گستاخانہ خاکوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ جماعةالدعوة اور جماعت اسلامی نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف ملک گیر سطح پر مشترکہ جدوجہد پراتفاق رائے کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کا جلد اجلاس طلب کر کے متفقہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔ اسی طرح 5 فروری کو پانچوں صوبوں و آزاد کشمیر میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کشمیر کانفرنسوں و ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا اور تحریک آزادی کشمیر کے خلاف کی جانے والی سازشیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے وفد کے ہمراہ مرکز القادسیہ چوبرجی میں جماعةالدعوة پاکستان کے امیر حافظ سعید سے ملاقات کی جس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت، مسئلہ کشمیر کے خلاف ہونے والی سازشوں اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ، جماعةالدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، تحریک حرمت رسول ﷺ کے کنوینر مولانا امیر حمزہ، جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر سید وسیم اختر اور حافظ خالد ولید بھی موجود تھے۔

امیر جماعةالدعوة حافظ سعید، جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق اور دیگر قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تحفظ حرمت رسول ﷺ کے مسئلہ پر پورے ملک میں مشترکہ طور پر بھرپور تحریک چلائی جائے گی اور حکومت پر دباﺅ بڑھایا جائے گا کہ وہ عالمی سطح پر تمام انبیاء کی توہین جرم قرار دیکر سخت سزا کا قانون پاس کروائیں۔ ڈنمارک، ناروے اور جرمنی کے بعد اب فرانس بھی ان گستاخیوں میں شامل ہو گیا ہے۔ چالیس ملکوں کے سربراہان نے اکٹھے ہو کر گستاخوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یہ نعرہ بلند کیا کہ ہم سب چارلی ہیں لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ ابھی تک مسلم حکمرانوں کی جانب سے صلیبیوں و یہودیوں کی شان رسالت ﷺ میں گستاخیوں کے خلاف مضبوط ردعمل دیکھنے میں نہیں آیا۔ یہ صورتحال انتہائی تکلیف دہ ہے۔

جماعت اسلامی اور جماعةالدعوة کے قائدین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ نبی اکرم ﷺ کی حرمت کے تحفظ کیلئے جاری جدوجہد کو ایک باقاعدہ تحریک کی شکل دے کر پورے ملک میں مشترکہ پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا اور ملک بھر کی مذہبی و سیاسی قیادت اور قوم کے ہر طبقہ کو اس میں شریک کیاجائے گا تاکہ دنیا کو مضبوط و موثر پیغام دیا جاسکے کہ پاکستانی قوم نبی مکرم ﷺ کی شان اقدس میں گستاخیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کر سکتی۔ سراج الحق اور حافظ سعید کے مابین ملاقات کے دوران امریکی صدر کے دورہ انڈیا اور تحریک آزادی کشمیر کے خلاف کی جانے والی سازشوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں نے کہا کہ کشمیری و پاکستانی مسلمانوں کا خون ایک ہو چکا ہے انہیں کسی صورت جدا نہیں کیا جا سکتا۔ مظلوم کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پانچوں صوبوں و آزاد کشمیر میں کشمیر کارواں، جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 435864
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش