0
Wednesday 11 Feb 2015 14:22

مقبوضہ کشمیر، مقبول بٹ شہید کی برسی پر ہڑتال

مقبوضہ کشمیر، مقبول بٹ شہید کی برسی پر ہڑتال
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں قابض فورسز کے ہاتھوں زخمی ہونیوالا ایک اور نوجوان دم توڑ گیا جبکہ بھارتی جارحیت کیخلاف عوام سراپا احتجاج ہیں۔ آج مقبول بٹ شہید کی برسی پر بھی عام ہڑتال ہو گی۔ گزشتہ روز آزادی پسند رہنماؤں نے قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں نوجوانوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کی خواہشات پر قدغن لگانے کیلئے سازشیں اور بربریت کر رہا ہے۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے نوجوانوں کی شہادت کا واقعہ بھی ایک سازش ہے۔ 

افضل گورو کی برسی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے ریاض احمد بٹ اور آصف احمد شیخ زخمی ہو گئے تھے۔ بعدازاں آصف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔ گزشتہ روز ریاض بھی موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد شہید ہو گیا۔ واقعہ کیخلاف گذشتہ روز وادی بھر میں مکمل ہڑتال رہی، اس موقع پر تمام کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ کشمیریوں نے احتجاجی ریلیاں نکال کر قابض فورسز کے ہاتھوں نوجوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا۔ حریت رہنماؤں کی اپیل پر آج مقبول بٹ شہید کی برسی کے موقع پر بھی مقبوضہ کشمیر میں عام ہڑتال ہے۔ کشمیری احتجاجی ریلیاں نکال رہے ہیں اور بھارت سے شہید رہنما کا جسد خاکی حوالے کرنے کا مطالبہ کریں گے۔ علاوہ ازیں شہید مقبول بٹ کی برسی آج آزادکشمیر اور گلگت بلتستان سمیت دنیا بھر میں عقیدت و احترام کیساتھ منائی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 439295
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش