0
Thursday 12 Feb 2015 23:06

انقلاب اسلامی ایران آج بھی مظلوموں کی امید ہے، ناصر شیرازی

انقلاب اسلامی ایران آج بھی مظلوموں کی امید ہے، ناصر شیرازی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سابق مرکزی صدر اور ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے لاہور ڈویژن کے زیراہتمام آئی ایس او کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران جب سے شروع ہوا، تب دنیا 2 بلاکوں میں تقسیم تھی، ضروری تھا کہ روس کے ساتھ رہیں یا امریکہ کے ساتھ، دنیا میں چلنا ان کے بغیر ناممکن تھا، یہ دونوں سسٹم حالت جنگ میں ہونے کے باوجود دین کے مخالف تھے۔ اُن کا کہنا تھا کہ انقلاب اسلامی نے باطل قوتوں کو روند ڈالا اور باطل پرست شاہ کو، جو امریکہ کی آس لگائے بیٹھا تھا، ملک چھوڑ کر بھاگنا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا حزب اللہ لبنان کی کامیابی انقلاب اسلامی کی بدولت ہے، امام خمینی کا انقلاب دنیا بھر کے مستضعفین کے لئے مشعل راہ اور امید ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے مظلوم آج بھی پرامید ہیں کہ ان میں بھی کوئی نہ کوئی خمینی ضرور اٹھے گا اور باطل قوتوں کے تخت الٹ کر انصاف کا بول بالا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین ہو یا کشمیر، چیچنیا ہو یا بوسنیا ہر جگہ کے مظلوموں نے انقلاب اسلامی ایران کے چراغ سے روشنی لے کر اپنی جدوجہد آزادی کو دوام بخشا، کچھ کامیاب ہوئے اور کچھ کا سفر جاری ہے، لیکن کامیابی ان کے مقدر میں لکھ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومیں جو اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتی ہیں، وہ ناکام نہیں ہوا کرتی۔ امام خمینی نے امام حسین علیہ السلام سے درس حریت لیا اور ایران کی سرزمین پر یہ نعرہ بلند کیا کہ ’’ہے ہماری درس گاہ کربلا کربلا‘‘ اور اسی کربلا کے طفیل آج ایران قوم پوری دنیا میں فخر سے جی رہی ہے اور استعمار اپنی تمام تر سازشوں کے باوجود ناکام و نامراد ہے اور انقلاب کے خلاف اس کا کوئی حربہ کامیاب نہیں ہو رہا، بلکہ انقلاب روز بروز مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 439817
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش