0
Saturday 14 Feb 2015 00:05

ڈی آئی خان، کاشغر گوادر روٹ میں تبدیلی کیخلاف، سیاسی جماعتیں مشترکہ تحریک چلائینگی

ڈی آئی خان، کاشغر گوادر روٹ میں تبدیلی کیخلاف، سیاسی جماعتیں مشترکہ تحریک چلائینگی
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں آل پارٹیز اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کاشغر گوادر روٹ میں تبدیلی کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا، اور وفاقی حکومت کو روٹ میں تبدیلی سے باز رکھنے کیلئے احتجاج کا سلسلہ وسیع کیا جائے گا۔ کاشغر گوادر روٹ جو کہ چائنہ کی تجویز کے مطابق کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، ڈیرہ اسماعیل خان، میانوالی سے ہو کر گزرے گا، جس سے ان شہروں میں پائے جانیوالے احساس محرومی کے خاتمے کی ایک امید پیدا ہوئی تھی، مگر وفاقی حکومت روٹ میں تبدیلی کرکے روڈ ان شہروں سے گزارنے پر کمربستہ ہے، جو پہلے ہی معاشی و پیداواری اور صنعتی حوالوں سے خوشحال ہیں۔ وفاقی حکومت کے اس ممکنہ فیصلے کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان میں فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام آل پارٹیز اجلاس بلایا گیا۔ جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ جن میں سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کنڈی، سابق ایم پی اے شائستہ بلوچ، مظہر جمیل علیزئی، عتیق الرحمن چوہان، آل سرائیکی پارٹی کے ظہور دھریجہ، خضر حیات دیال، جے یو آئی کے رشید دھپ، و دیگر شامل تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ روٹ میں تبدیلی کے ممکنہ فیصلے کے خلاف تمام جماعتیں ملکر احتجا ج کا سلسلہ شروع کریں گی، جسے رفتہ رفتہ وسیع کیا جائے گا۔ احتجاجی تحریک کی ابتداء میں بروز اتوار، ٹاؤن ہال ڈیرہ سے صبح دس بجے آل پارٹیز کے زیراہتمام ایک احتجاجی جلوس نکالا جائیگا۔ بعدازاں اگرحکومت اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہی، تو اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا و کیمپ لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں کوئٹہ، ژوب، میانوالی، قلعہ سیف اللہ کے لوگوں سے بھی اس سلسلے میں رابطے کرنیکا فیصلہ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 440111
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش