0
Tuesday 17 Mar 2015 16:33

صولت مرزا کی پھانسی کی تیاریاں مکمل، رشتہ داروں سے آخری ملاقات کرا دی گئی

صولت مرزا کی پھانسی کی تیاریاں مکمل، رشتہ داروں سے آخری ملاقات کرا دی گئی
اسلام ٹائمز۔ صولت مرزا کو 19 مارچ کو پھانسی دینے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، جیل میں بیوی اور رشتہ داروں کی آخری ملاقات کرا دی گئی، سندھ ہائی کورٹ نے مجرم کو مچھ جیل سے کراچی منتقل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے صولت مرزا کو 19 مارچ کو بلوچستان کی مچھ جیل میں پھانسی دی جائے گی۔ جیل انتظامیہ نے مجرم کو کال کوٹھڑی میں منتقل کر دیا ہے جبکہ جیل کے اطراف میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ جیل میں ڈاکٹرز صولت مرزا کا روزانہ معائنہ کر رہے ہیں۔ جیل حکام کا کہنا ہے صولت مرزا کو پھانسی دینے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ادھر مچھ جیل میں صولت مرزا کی بیوی، بہن اور دیگر رشتے داروں نے ان سے آخری ملاقات کی ہے جبکہ مجرم کی وصیت کل جوڈیشل مجسٹریٹ قلم بند کریں گے۔ اس سے پہلے صولت مرزا کی رجسٹرار آفس سپریم کورٹ کے اعتراضات کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست کی سماعت چیف جسٹس نے اپنے چیمبر میں کی۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراض عائد کیا گیا تھا کہ سزائے موت کیخلاف درخواست ناقابل سماعت ہے جبکہ مجرم کی سزائے موت کیخلاف اپیل اور نظرثانی درخواستیں پہلے ہی مسترد ہو چکی ہیں۔ دوسری طرف سندھ ہائی کورٹ نے صولت مرزا کو مچھ جیل سے کراچی منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ جسٹس احمد علی شیخ نے قرار دیا ہے کہ درخواست گزار کو کراچی منتقلی کی بات سپریم کورٹ میں کرنی چاہئے تھی۔
خبر کا کوڈ : 448116
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش