0
Friday 27 Mar 2015 11:10

فیصل آباد، گرجا گھروں کی چھتوں پر مورچے بنانے کے احکامات

فیصل آباد، گرجا گھروں کی چھتوں پر مورچے بنانے کے احکامات
اسلام ٹائمز۔ ڈویژنل کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) نسیم نواز نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں عبادت گاہوں کے بھرپورتحفظ کویقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، تاہم عبادت گاہوں کی انتظامیہ بھی اپنے رضا کار اور سیکورٹی گارڈز متعین کرنے کے علاوہ مشکوک اشیاء اور شرپسندوں پر کڑی نظر رکھے۔ انکا کہنا تھا کہ عبادت گاہوں کی حفاظت کیلئے منتظمین کو اسلحہ لائسنس کے ساتھ ساتھ سکیورٹی گارڈ کو تربیت بھی دی جائے گی۔ انہوں نے آر پی او احسان طفیل کے ہمراہ اقلیتی برادری کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے، بشپ ہاؤس سے فادر فرانسس لعزرس اورش برادر پیٹر شنگارا، چرچ آف پاکستان سے سلیم مسیح، انیل مسیح اور جماعت احمدیہ کے صدر عبدالرحیم سمیت اقلیتی برادری کے نمائندگان سے کہا کہ وہ گرجا گھروں اور اپنی دیگرعبادت گاہوں کی چھتوں پر حفاظتی مورچے بنائیں اور عبادت کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کی محفوظ مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گرجا گھروں و دیگر عبادت گاہوں کے منتظمین مقامی پولیس سے رابطہ رکھیں اور کسی مسئلہ یا خدشات کی صورت میں فوری آگاہ کیا جائے، جبکہ گارڈز کی کلیئرنس کے لئے ضلعی انتظامیہ کو ان کی فہرست فراہم کریں تاکہ حفاظتی انتظامات مزید ٹھوس بنانے کے لئے عبادت گاہوں کے منتظمین کو اسلحہ لائسنس بھی جاری کیے جائیں۔ آر پی اواحسان طفیل نے کہا کہ گرجا گھروں اور دیگر عبادت گاہوں کے لئے محکمہ پولیس کی طرف سے حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں، ہم مل جل کر دشمنوں کے عزائم ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گارڈز کو اسلحہ چلانے سے متعلق تربیت بھی فراہم کی جائے گی، منتظمین تمام تر سیکورٹی خدشات پر گہری نظر رکھیں اور کسی بھی خطرہ، سیکورٹی انتظامات ناکافی یا کمزور ہونے کی صورت میں ایمرجنسی نمبروں پر اطلاع کی جائے اور پارکنگ ایریا کو عبادت گاہوں سے دور رکھا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے بلکہ خدانخواستہ کسی حادثہ کی صورت میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔
خبر کا کوڈ : 450276
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش