0
Wednesday 8 Apr 2015 00:16

علمائے اسلام کانفرنس امت کے جید علماء کا گلدستہ ہوگا، علامہ محمد امین شہیدی

علمائے اسلام کانفرنس امت کے جید علماء کا گلدستہ ہوگا، علامہ محمد امین شہیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ 10 اپریل کو علمائے اسلام کانفرنس کا انعقاد کرکے امہ کے مابین اتحاد و ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا۔ ضرورت اس امر کی ہے ایسے فیصلے کئے جائیں جو تمام مسالک کے اکابرین کو قابل قبول ہوں۔ مولانا فضل الرحمان، مولانا سمیع الحق، جماعۃ الدعوۃ، جمعیت اہل حدیث، وفاق ہائے مدارس اور دیگر کی مذکورہ کانفرنس میں آمد متوقع ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما ملی یکجہتی کونسل  علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ یہ اجتماع امت کے علماء کا بھرپور گلدستہ ہوگا جس کے ذریعہ امت کو اتحاد و وحدت کا پیغام دیا جائے گا۔ یمن کے حوالہ سے سوال کا جواب دیتے ہوئے علامہ محمد امین شہیدی کا کہنا تھا کہ اس وقت یمن پر حملہ کیا گیا ہے، یمن نے کسی ملک پر حملہ نہیں کیا۔ حرمین شریفین کا دفاع صرف پاک فوج نہیں بلکہ امت کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ حرمین کا دفاع کرے۔ اس وقت حرمین کے دفاع کا مسئلہ نہیں بلکہ دو مسلمان حکومتوں میں جنگ ہے۔ ہم مسلم امہ میں اتحاد چاہتے ہیں، حرمین کو کسی قسم کے خطرات لاحق نہیں، کوئی مسلمان حرمین پر حملہ کے بارے میں سوچ تک نہیں سکتا۔ پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے رہنما مجلس وحدت مسلمین نے کہا کہ بتایا جائے کہ کیا حملہ یمنیوں نے کیا یا سعودیوں نے، یمن کی طرف سے اس جارجیت کا تاحال جواب نہیں دیا گیا۔ سعودیہ کی جانب سے یکطرفہ جنگ یمن پر مسلط کی گئی ہے۔ ہم ریاست سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جنگ بندی کے لئے کردار ادا کیا جائے۔ علامہ محمد امین شہیدی کا کہنا تھا کہ ممتاز قادری کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلہ میں حدیث کی حجیت پر حملہ کیا گیا ہے۔ فیصلہ میں اسلام کے بنیادی اصول و مآخذ پر حملہ کیا گیا، جس کے خلاف سپریم کورٹ میں رٹ دائر کی جائے گی۔ ایران سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ایران مصالحت کار اور ثالث کا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ ایرانی سفیر نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے ساتھ ملاقات کے دوران واضح کیا کہ ایران اس معاملہ میں شریک نہیں۔
خبر کا کوڈ : 452694
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش