0
Wednesday 20 May 2015 07:55

سید علی گیلانی کے لئے پاسپورٹ یقینی بنائیں گے، محبوبہ مفتی

سید علی گیلانی کے لئے پاسپورٹ یقینی بنائیں گے، محبوبہ مفتی
اسلام ٹائمز۔ ایک اہم پیشرفت میں کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے سربراہ سید علی گیلانی کی اہلیہ اور بیٹے سمیت پاسپورٹ کی اجرائی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں کیونکہ پی ڈی پی نے اس معاملہ کو وزارت داخلہ کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ لیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی کا کہنا تھا ”علی گیلانی کو پاسپورٹ جاری کرنا ایک خالص انسانی مسئلہ ہے اور ہمارا موقف واضح ہے کہ ان کو فوراً پاسپورٹ جاری کیا جانا چاہئے“۔ انہوں نے کہا ”اس معاملہ میں وزیر خارجہ کو حتمی فیصلہ لینا ہے تاہم اس بات کو ہم یقینی بنائیں گے کہ ان کو پاسپورٹ ملے۔ ہم وزارت خارجہ سے کہیں گے کہ سید علی گیلانی کو اپنی اہلیہ اور بیٹے سمیت پاسپورٹ دیا جائے کیونکہ ان کی بیٹی کو اپنے باپ کا دیدار کرنے سے محروم نہیں کیا جانا چاہئے“۔ محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ علی گیلانی کو 2007ء، 2008ء اور 2011ء میں پاسپورٹ کی پیش کش کی گئی تھی تاہم انہوں نے لینے سے انکار کر دیا۔

محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ محمد یاسین ملک، شبیر شاہ اور میر واعظ سمیت دیگر علیحدگی پسند لیڈران کے پاس پاسپورٹ ہیں اور وہ پاکستان سمیت بیرون ملک دورہ کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ”علی  گیلانی کے معاملے میں ہمارا موقف واضح ہے کہ ان کو جلد از جلد پاسپورٹ اجراء ہونا چاہئے اور ہمیں امید ہے کہ ان کو پاسپورٹ جاری کر دیا جائے گا“۔ دوسری طرف سی آئی ڈی نے علی گیلانی کے بیٹے اور اہلیہ کی جانچ پڑتال شروع کر دی ہے۔ انہوں نے گذشتہ روز پاسپورٹ دفتر جاکر بیومیٹرک لوازمات پورے کر لئے تھے۔ ریجنل پاس پورٹ آفیسر سرینگر کا کہنا ہے کہ سید علی گیلانی کی اہلیہ اور بیٹے نے گذشتہ روز دفتر آکر لوزامات پورے کئے۔ سید علی گیلانی کی آمد بھی متوقع تھی لیکن وہ نہیں آئے۔ حریت کانفرنس (گ) کے ترجمان ایاز اکبر کا کہنا ہے کہ علی گیلانی کو گھر سے نکلنے کی اجازت ہی نہیں دی گئی چونکہ وہ ہنوز خانہ نظربند ہیں۔
خبر کا کوڈ : 461961
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش