0
Monday 15 Jun 2015 20:07

خیبرپختونخوا کا 488 ارب روپے کا بجٹ پیش، اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی

خیبرپختونخوا کا 488 ارب روپے کا بجٹ پیش، اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی
اسلام ٹائمز۔ صوبہ خیبرپختونخوا کا 488 ارب روپے کا بجٹ پیش کر دیا گیا ہے۔ جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اور میڈیکل الاونس میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے 175 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ وزیر خزانہ مظفر سید نے آئندہ مالی سال کا 488 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا۔ بجٹ میں ایک ہزار سی سی گاڑیوں پر یکمشت دس ہزار روپے ٹیکس لگا دیا گیا ہے۔ کمرشل اور زیادہ پاور انجن والی گاڑیوں پر بھی ٹیکس بڑھانے کی تجویز ہے۔ اسپرٹ کے پرمٹ اور لائسنس کی فیس کی شرح میں بھی اضافے کی تجویز ہے۔ کمرشل اراضی، سی این جی سٹیشنز، پٹرول پمپس اور سروس سٹیشنز کے ٹیکس میں بھی اضافے کی تجویز ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں دس فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 175 ارب غیرملکی امداد سے 33 ارب روپے ملنے کا تخمینہ ہے۔ تعلیم کے لئے 97 ارب، 54 کروڑ، صحت کیلئے 29 ارب 95 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ پولیس کیلئے 32 ارب 74 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ گندم پر سبسڈی کی مد میں 2 ارب 90 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ لوکل گورنمنٹ کے لئے 27 ارب 70 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ مواصلات اور تعمیرات کیلئے 2 ارب 76 کروڑ رکھے گئے ہیں۔ صوبے کو وفاق سے 371 ارب روپے حاصل ہو نگے، جبکہ صوبہ اپنے وسائل سے 55 ارب روپے حاصل کرے گا۔ وفاق سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں این ایف سی ایوارڈ کے تحت 30 ارب روپے حاصل ہو نگے۔ تیل اور گیس کی رائلٹی کی مد میں19 ارب، پن بجلی پر رائلٹی کی مد میں وفاق سے 6 ارب ملیں گے۔ بہتر مالی حالت اور نظم وضبط پر وفاق سے 2 ارب روپے کا ترغیبی بونس ملے گا۔ وفاق سے پن بجلی کے پھنسے ہوئے واجبات کی پہلی قسط کے 52 ارب روپے ملیں گے۔ بجٹ تقریر کا آغاز ہوتے ہی اپوزیشن ارکان سیٹوں سے اٹھ کھڑے ہوئے اور شدید ہنگامہ آرائی کی۔ اے این پی کی رکن نگہت اورکزئی نے بجٹ دستاویز ڈیسک پر دے ماریں۔ اے این پی اور جے یو آئی (ف) کے ارکان شور کرتے ہوئے اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہو گئے اور نعرے بازی کرتے رہے۔ اسپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کے بعد اپوزیشن ارکان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔ نگہت اورکزئی بھی ایک حکومتی رکن کو دھمکی دیکر باہر چلی گئیں۔ اپوزیشن ارکان کے شور شرابے کے دوران بھی وزیر خزانہ بجٹ تقریر جاری رکھی، جسے حکومتی ارکان ڈیسک بجا کر سراہتے رہے۔
خبر کا کوڈ : 466804
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش