0
Tuesday 14 Jul 2015 03:10

مسئلہ کشمیر کے بغیر بھارت سے مذاکرات ممکن نہیں، سرتاج عزیز

مسئلہ کشمیر کے بغیر بھارت سے مذاکرات ممکن نہیں، سرتاج عزیز
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات تعلقات کے فروغ اور کشیدگی کم کرنے میں معاون ثابت ہوگی تاہم مسئلہ کشمیر کے بغیر بھارت سے مذاکرات ممکن نہیں اور بھارت سے بات چیت میں کشمیر کا مسئلہ سرفہرست ہو گا۔ اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کے دورہ روس سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے سرتاج عزیز نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف نے بھارت کی خواہش پر اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کی جب کہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں کشمیر سمیت تمام اہم ایشوز پر بات ہوئی جب کہ دونوں ملکوں میں ایک دوسرے کے تحفظات پر دوستانہ ماحول میں بات ہوئی تاہم پاکستان کشمیریوں کی اپنے نصب العین کے لئے اخلاقی، سفارتی اورسیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف پرامن ہمسائے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اس لئے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر امن و امان دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے جب کہ روس کے شہر اوفا میں بھارتی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کسی مذاکراتی عمل کا باضابطہ آغاز نہیں تھا تاہم یہ ملاقات دونوں ملکوں کے لئے یہ سمجھنے کے لئے معاون ثابت ہوئی کہ کشیدگی میں کمی ضروری ہے۔

مشیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کا مقصد جموں و کشمیر کے بنیادی مسئلے سمیت دو طرفہ اور علاقائی دلچسپی کے تمام معاملات پر مذاکرات کیلئے تعمیری رابطہ قائم کرنا تھا، خطے میں امن برقرار رکھنا دونوں ملکوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے امن کو ایک موقع دینے کی غرض سے تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے حوالے سے طریقہ کار طے کرنے کیلئے ٹریک ٹو سفارتکاری کی بحالی پر اتفاق کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 473626
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش