0
Sunday 2 Aug 2015 08:22

پاراچنار، مولانا شیخ یوسف حسین بھاری اکثریت سے مجلس علمائے اہلبیت کے نئے صدر منتخب

پاراچنار، مولانا شیخ یوسف حسین بھاری اکثریت سے مجلس علمائے اہلبیت کے نئے صدر منتخب
اسلام ٹائمز۔ مجلس علمائے اہلبیت پاراچنار کے مرکزی دفتر میں کرم ایجنسی کے علمائے کرام کی ایک جنرل باڈی مینٹگ منعقد ہوئی، جو مجلس کے لئے نئے صدر کے انتخاب کے حوالے سے علامہ سید صفدر علی شاہ نقوی کی جانب سے بلائی گئی تھی۔ جن میں سو سے زیادہ علمائے کرام نے شرکت کی۔ میٹنگ سے علامہ سید صفدر علی شاہ نقوی نے خطاب کرتے ہوئے اپنے دور صدارت کی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے عہدہ صدارت سے استعفٰی کا اعلان کیا۔ جس کے بعد متعدد علماء کرام نے اجلاس سے خطاب کیا، جن میں علامہ سید احمد حسین الحسینی، علامہ احمد علی روحانی، علامہ ثواب علی حیدری اور علامہ سید محمد حسین طاہری قابل ذکر ہیں۔ مقررین نے سابق صدر علامہ سید صفدر علی شاہ کی دو سالہ کارکردگی کو سراہا اور کرم ایجنسی کے عوام خصوصاً علماء کے لئے انکی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ بعد میں انتخاب کا عمل شروع ہوا۔ صدارت کے لئے بطور امیدوار تین نام پیش کئے گئے۔ جن میں علامہ باقر حسین حیدری، مولانا جمیل حسین اور مولانا شیخ یوسف حسین شامل تھے۔

اسکے بعد علماء میں بیلٹ پیپر تقسیم کئے گئے اور تین میں سے ایک نام لکھنے کی خواہش ظاہر کی گئی۔ علماء نے خفیہ طریقے سے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ ووٹوں کی گنتی پر نتیجہ مولانا یوسف حسین کے حق میں نکلا۔ 80 فیصد سے زائد رائے دھندگان نے انکے حق میں ووٹ ڈالا تھا۔ سابق صدر علامہ سید صفدر علی شاہ نقوی نے دو سالہ نئی صدارت کے لئے مولانا شیخ یوسف حسین کا اعلان کیا۔ جس کے بعد نئے صدر نے اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے علمائے کرام کی جانب سے ان پر اعتماد کرنے کا شکریہ ادا کرنے کے بعد ان سے تعاون کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ میں تنہا کچھ بھی نہیں کرسکتا، جب تک آپ لوگوں کا تعاون شامل حال نہ ہو۔ انہوں نے نئے سیشن کے لئے علماء سے تعاون کی اپیل کی۔ نئے صدر شیخ یوسف حسین نے اسلام ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدارت کے دوران وہ علاقے میں نفرتوں کے خاتمے نیز اتحاد کی کوششیں کریں گے اور مجلس کے منشور کے مطابق ائمہ معصومین علیھم السلام کے ایام ولادت و شہادت کو علاقائی سطح پر  بھرپور طریقے سے منانے کا اہتمام کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 477456
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش