0
Friday 9 Oct 2015 20:21

آئین پاکستان ملت جعفریہ کو عزاداری کا حق دیتا ہے، سبطین سبزواری

آئین پاکستان ملت جعفریہ کو عزاداری کا حق دیتا ہے، سبطین سبزواری
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ پنجاب میں جنگل کا قانون نافذ ہے، ڈی سی او اور ڈی پی او اضلاع میں بادشاہوں کا روپ دھارے ہوئے ہیں، کوئی مستقل پالیسی نظر نہیں آ رہی، جس کے دل میں جو کچھ آتا ہے، مطلق العنانیت کے احکامات جاری کر دیتا ہے، انہیں آئین اور قانون کا کوئی خیال نہیں۔ لاہور میں محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں عزاداری سیل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز من مانیاں کر رہے ہیں، علماء، خطباء اور ذاکرین پر ضلعی پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں، یہ قبول نہیں، بانیان مجالس کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ اپنے ضلع سے باہر سے مجلس پڑھنے کیلئے کسی کو دعوت نہ دی جائے، یہ آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے، پنجاب کے حکمران صوبے کو مقبوضہ کشمیر نہ بنائیں۔
انہوں نے ضلع وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات اور دیگر اضلاع میں پولیس کی طرف سے صدیوں پرانے عزاداری کے جلوسوں اور مجالس عزا کیخلاف کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آئین پاکستان ملت جعفریہ کو عزاداری کا حق دیتا ہے، اس سے دستبردار نہیں ہوں گے، ہماری شہادتوں کی تاریخ پرانی ہے، موت سے خوفزدہ ہونیوالے نہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ظلم سے ٹکرانا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کسی کو عزاداری کیخلاف پالیسیاں بنانے کی جرات نہیں ہوئی، عزاداری مخالف اقدامات پر صرف پنجاب حکومت اترتی نظر آ رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 489834
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش