0
Thursday 15 Oct 2015 11:29

ہند و چین دوستی سے لداخ کے لوگوں کو کیا ملا، عمر عبداللہ کا بھارت سے سوال

ہند و چین دوستی سے لداخ کے لوگوں کو کیا ملا، عمر عبداللہ کا بھارت سے سوال
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے مرکز سے سوال کیا ہے کہ ہند و چین دوستی سے لداخ کے لوگوں کو کیا حاصل ہورہا ہے؟۔ چیسو لیہہ میں ہل ڈیولپمنٹ کونسل انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہند چین دوستی سے میرے لداخ کے لوگوں کو کیا حاصل ہورہا ہے؟ یہاں سے مانسر اور کیلاش یاترا کیوں شروع نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے جو طریقہ کار اختیار کیا ہے، اُس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں حکومتیں یہاں کے عوام کو مذہبی اور علاقائی بنیادوں پر تقسیم کرنے کے ارادے رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی پی ایک بار پھر اپنے سے زیادہ بی جے پی کیلئے انتخابی مہم چلا رہی ہے اور اُن کے لگ بھگ تمام وزراء و لیڈران لداخ میں اپنی تقریروں میں عوام سے اس بات کی اپیل کررہے ہیں کہ وہ کسی بھی جماعت کو ووٹ ڈالیں لیکن نیشنل کانفرنس کے حق میں نہیں، جو اس بات کی بخوبی عکاسی کرتا ہے کہ قلم دوات والے نیشنل کانفرنس سے کتنے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی والے ان انتخابات میں بھی بی جے پی کی مدد میں آگے آگے ہیں اور اس جماعت کے وزراء و لیڈران ہر جگہ عوام سے یہی اپیل کررہے ہیں کہ وہ نیشنل کانفرنس کے بغیر کسی بھی جماعت کو ووٹ ڈالیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی والے ایسا اس لئے کررہے ہیں کیونکہ نیشنل کانفرنس اُن کے مذموم منصوبوں سے بخوبی واقف ہے اور یہی ایک ایسی جماعت ہے جو بھاجپا اور پی ڈی پی کے ریاست دشمن عزائم کو خاک میں ملانے کی اہل ہے۔ موجودہ مخلوط اتحاد نیشنل کانفرنس سے اس لئے خوفزہ ہے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ ہم انہیں ریاست کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ میں نے کبھی مذہبی بنیادوں پر سیاست نہیں کی، میں ہمیشہ آپ کے شانہ بہ شانہ رہا ہوں، جب سال 2010 میں یہاں سماوی آفت آئی تو یہ میں ہی تھا جو اپنی ٹیم کے ہمراہ سب سے پہلے یہاں پہنچا۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایس ٹی ایف کے تحت منظور شدہ ایک اہم پُل پر بھی کام روک دیا ہے جو قابل افسوس ہے۔
خبر کا کوڈ : 491279
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش