0
Thursday 15 Oct 2015 12:49

سندھ حکومت نے محرم الحرام کی مجالس میں لاؤڈ اسپیکرز کے استعمال کی اجازت دیدی

سندھ حکومت نے محرم الحرام کی مجالس میں لاؤڈ اسپیکرز کے استعمال کی اجازت دیدی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے شیعہ علماء کے مطالبے پر محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت دے دی ہے اور اس حوالے سے نوٹیفیکشن بھی جاری کر دیا جائے گا، یہ منظوری انھوں نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں شیعہ علماء کے ساتھ اجلاس کے دوران دی۔ اجلاس میں وزیر بلدیات سید ناصر شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی ڈاکٹر قیوم سومر و برائے مذہبی امور، آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی، کمشنر کراچی شعیب صدیقی، وزیراعلیٰ سندھ کے معاونین خصوصی وقار مہدی، راشد ربانی و دیگر نے شرکت کی، اس کے علاوہ مولانا ناظر عباس، مولانا باقر زیدی، مولانا فرقان حیدر عابدی، مولانا جعفر سبحانی و دیگر شیعہ علماء نے بھی شرکت کی۔

شیعہ علماء نے کہا کہ حکومت نے جلسے جلوسوں کے دوران لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی عائد کی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے محرم الحرام کے دوران بڑے اجتماع اور ماتمی جلوسوں سے بغیر لاؤڈ اسپیکر خطاب کرنے کیلئے علما کو مشکلات کا سامنا ہوگا، اس کے علاوہ محرم الحرام کے جلسے جلوسوں کے دوران عزاداروں کو ضروری ہدایات دینے کیلئے بھی لاؤڈ اسپیکر کا استعمال ضروری ہوتا ہے، لیکن پابندی کی وجہ سے بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے، لیکن اگر محرم کی مجالس میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت دی جائے، تو اس کے استعمال میں بہت احتیاط برتنا ہوگی، اور کوڈ آف کنڈیکٹ کے تحت استعمال کرناہوگا، بصورت دیگر اشتعال انگیز تقاریر ہوئی تو ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔

شیعہ علماء نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ محرم الحرام کے جلسے جلوسوں کے دوران بھی کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ کرتی ہے، جس پر کمشنر کراچی نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا کہ انھوں نے کے الیکٹر ک کے سی ای او سے بات کی ہے، اور محرم الحرام کے ایام میں، باالخصوص جلسے جلوسوں کے علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاکٹر قیوم سومرو کو ہدایت کی کہ وہ اپنے محکمے میں ایک شکایتی سیل قائم کریں، اور کوڈ آف کنڈیکٹ یا دیگر ایشوز پر عوامی مسائل سننے کیلئے فون نمبرز کی تشہیر کرائیں۔ وزیراعلیٰ نے علماء کی طرف سے واٹر سپلائی اور نکاسی آب کے مسائل کے حل کیلئے وزیر بلدیات ناصر شاہ کو اجلاس کو بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شیعہ علماء کے تعاون اور ہم آہنگی کیلئے انکا شکریہ ادا کیا، اور بتایا کہ انہوں نے سنی علماء کے ساتھ بھی اجلاس کیا تھا، جس میں انھوں نے صوبے میں امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے یقین دہانی کرائی ہے۔
خبر کا کوڈ : 491341
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش