0
Friday 7 Jan 2011 12:16

پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر کے غلطی کی،ہلیری

پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر کے غلطی کی،ہلیری
واشنگٹن:اسلام ٹائمز-امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کر کے غلطی کی گئی ہے، جب کہ آئی ایم ایف نے دھمکی دی ہے کہ اس اقدام سے گیارہ ارب ڈالر قرض کی ادائیگی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر کے غلطی کی ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے اقتصادی قوانین اور قواعد و ضوابط میں اصلاحات کرنی ہوں گی جس میں پٹرول کی قیمتیں اور اس کے اخراجات بھی شامل ہیں، امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مستحکم معاشی بنیاد فراہم کرنے کی جانب پیشرفت کا فیصلہ واپس لینا غلطی ہے۔ ہلیری کلنٹن نے کہا کہ جمعرات کو پاکستانی سفیر حسین حقانی سے ملاقات میں بھی انھوں نے اس بارے میں بات کی ہے۔
اس سے پہلے محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان میں تیل کی قیمتیں کم کرنے کا مخالف ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے اصلاحات ضروری ہیں، امریکا سمجھتا ہے کہ تیل کی قیمتیں کم کرنا ٹھیک نہیں۔ مارک ٹونر نے کہا کہ حکومت پاکستان کا ایک ایجنڈا تھا جس کے تحت ٹیکس اصلاحات کرنی تھیں، حالیہ فیصلے سے پاکستان کو نقصان ہو گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مشکل معاشی اصلاحات کی ضرورت ہے اور سیاسی لحاظ سے کچھ تکلیف دہ فیصلے کرنے ہوں گے۔ 
واشنگٹن میں انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ کی ترجمان کیرولائن ایٹکنسن نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے کے فیصلے پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے معیشت بہتر بنانے کے لیے آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو گیارہ ارب ڈالر کی بقیہ اقساط کی ادائیگی خطرے میں پڑ سکتی ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ قرضے کے لیے ٹیکس بیس میں توسیع اور زر تلافی یا سبسڈیز ختم کرنیکی شرائط عائد کی گئی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ سبسڈیز کا زیادہ فائدہ امیر طبقے اور بڑی کمپنیوں کو ہوتا ہے اسے بحال کرنے سے قرضے کی ادائیگی کا شیڈول متاثر ہو گا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت بہتر بنانے کے لیے آئی ایم ایف پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔
خبر کا کوڈ : 49465
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش