0
Saturday 7 Nov 2015 20:34

دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی دعویدار بھارت کی مودی سرکار مسلمانوں سے تعصبت پر مبنی رویہ اپنائے ہوئے ہے، سراج الحق

دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی دعویدار بھارت کی مودی سرکار مسلمانوں سے تعصبت پر مبنی رویہ اپنائے ہوئے ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعتِ اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت ظلم و جبر کے ذریعے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبا نہیں سکتا۔ کشمیری عوام اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کریں گے۔ سید علی گیلانی اور دیگر کشمیری رہنماؤں کی قیادت میں جاری جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں کامیاب ہونگے۔ اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی برادری کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی معاہدوں پر عمل درآمد کے حوالے سے آگے آئیں اور اپنا کردار ادا کریں۔ بھارت غاصبانہ قبضے اور 7 لاکھ افواج کے ذریعے لاکھوں کشمیریوں کا قتلِ عام کر کے بھی کشمیریوں کے حق آزادی کو دبا نہیں سکا۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید علی گیلانی کی درخواست پر آج اہلِ کشمیر کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے اسلام آباد میں نکالی گئی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستانی حکومت کا فرض ہے کہ وہ اہلِ کشمیر کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کے حوالے سے جدوجہد تیز کرے اور اس سلسلے میں بین الاقوامی رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ چکا، لیکن بین الاقوامی برادری کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی موجودہ مودی سرکار کے دورِ حکومت میں فسطائیت کی حکمرانی ہے، اور وہاں پر تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔ شیوسینا جیسی بنیاد پرست ہندو تنظیموں نے مسلمان، عیسائی، سکھ اور دیگر اقلیتوں کا بھارت میں جینا دوبھر کردیا ہے۔ اس کے باوجود بین الاقوامی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی دعویدار بھارت کی مودی سرکار مسلمانوں سے تعصبت پر مبنی رویہ اپنائے ہوئے ہے اور غیر ہندووں کے خلاف ان کے جارحانہ عزائم اور نفرت انگیز کارروائیوں میں دن بہ دن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی ظلم و جبر کے ذریعے لوگوں کو زیادہ دیر دبایا نہیں جا سکا ہے۔ اس لیے بھارت سن لے وہ کبھی اپنے غاصبانہ قبضے کے ذریعے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی آواز کو دبا نہیں سکتا۔ کشمیری عوام اپنی قیادت کے ساتھ آج بھی متحد و متفق ہیں اور 68 سال تک بھارت ان پر ظلم و جبر کر کے کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کو متزلزل نہیں کرسکا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ کی طرح آج بھی اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور آج کی یہ ریلی اس بات کا بین ثبوت ہے کہ کشمیر کی آزادی تک پاکستانی عوام اُن کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 496265
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش