0
Thursday 12 Nov 2015 16:49

وہ وقت گزر گیا جب مارشل لا لگتا تھا اور ڈکٹیٹر آتے تھے، خورشید شاہ

وہ وقت گزر گیا جب مارشل لا لگتا تھا اور ڈکٹیٹر آتے تھے، خورشید شاہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہم جمہوریت کی طرف چل رہے ہیں، وہ وقت گزر گیا کہ جب مارشل لاء لگتا تھا اور ڈکٹیٹر آتے تھے۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ جمہوریت کا راستہ روکنے سے ہی ملک پیچھے رہ گیا، ترقی کیلئے جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی ضروری ہے، پارلیمنٹ کی آزادی والے ملک ترقی یافتہ کہلاتے ہیں، ہم جمہوریت کی طرف چل رہے ہیں، نظام تسلسل کے ساتھ چلے گا تو گورننس میں بہتری آجائے گی۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات میں بات کرتے، پریس ریلیز جاری ہونے سے بھارت کو بھی یہ پیغام گیا ہے کہ پاکستان میں سویلین اور عسکری قیادت ایک پیج پر نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ادارے اپنی کارکردگی پر توجہ دیں، نظام میں تسلسل ہوگا تو بہتری آئے گی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان پاکستانی شہری ہیں، وہ مٹھی جائیں یا چمبڑ جمالی، ان کی مرضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایاز صادق کے مقابلے میں اسپیکر کا امیدوار اتار کر تحریک انصاف نے ان کا انتخاب درست مان لیا، عمران خان کو ابھی سیاست میں مزید میچور ہونے کی ضرورت ہے، وہ خود بھی جیت جائیں گے اور پھر کہیں گے کہ میں نہیں مانتا۔ قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت میں دم ہی نہیں کہ کچھ کرسکے ، الیکشن میں ہمارے ساتھ جو ہوتا ہے، ہم خود پریشان ہوتے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں ہم خود اپنے آپ کو نہیں بچا سکے۔
خبر کا کوڈ : 497319
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش