0
Tuesday 24 Nov 2015 22:39

تھانہ عام شہری کیلئےخوف کی علامت نہیں ہونا چاہیے، گورنر پنجاب

تھانہ عام شہری کیلئےخوف کی علامت نہیں ہونا چاہیے، گورنر پنجاب
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے بھی پولیس اہلکاروں کے رویہ پر تشویش کا اظہار کر دیا۔ گورنر کا کہنا تھا کہ پولیس کو اپنے رویےمیں تبدیلی لانا ہو گی، تھانہ عام شہری کیلئےخوف کی علامت نہیں ہونا چاہیے۔ نیشنل پولیس اکیڈمی کے زیرِاہتمام 42ویں تربیتی کورس میں شرکت کرنیوالے نوجوان پولیس افسروں نے گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پولیس سروس میں نوجوان افسران کی شمولیت خوش آئند ہے اور قوم کو ایسے نوجوان افسروں سے بے پناہ توقعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو فوج کے تعاون سے جدید تربیت سے لیس کیا جا رہا ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلیے تمام وسائل بروئےکار لائےجا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے پولیس اور سیکیورٹی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پولیس کا کردار بھی قابلِ تعریف ہے، جنہوں نے مختلف محاذوں پر اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کی ہیں۔ گورنر نے پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ خود کو عوام کی خدمت کیلئے وقف کر دیں، سائل کی بات موثر طریقے سے سننے اور ان کی داد رسی کرنے سے ان کو نفسیاتی طور پر نہ صرف سکون ملےگا بلکہ پولیس پر عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ ہو گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ انہیں اُمید ہے کہ پولیس سروس میں نوجوانوں کی شمولیت سے پولیس اور تھانہ کلچر میں بہتری آئے گی اور یہ اہم محکمہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کا فریضہ مزید احسن طریقےسے ادا کر سکے گا۔
خبر کا کوڈ : 500092
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش