0
Tuesday 8 Dec 2015 22:34

میئر کے اختیارات کی واپسی کیلئے عدلیہ سمیت تمام راستے اختیار کرینگے، ایم کیو ایم

میئر کے اختیارات کی واپسی کیلئے عدلیہ سمیت تمام راستے اختیار کرینگے، ایم کیو ایم
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کیلئے ہماری جدوجہد کا نیا باب کھلا ہے، اور ہم یہ تمام اختیارات میئر کو واپس دلانے کیلئے عدالتوں سمیت تمام راستے اختیار کریں گے۔ کراچی میں ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی نے کہا کہ 2013ء کا لنگڑا لولا بلدیاتی نظام عوام کیلئے ناقابل قبول ہے، جس میں میئر کے پاس کچرا اٹھانے، پانی کی فراہمی کے اختیارات بھی نہیں، تاہم ہم اپنے میئر کو بھکاری نہیں بنانا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم موجودہ بلدیاتی قوانین کو تسلیم نہیں کرتی، جو منتخب نمائندوں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیار سے محروم کرتا ہے، جبکہ یہ بلدیاتی نظام کمشنر، ڈپٹی کمشنر، ایس ڈی ایم کے تابع ہے، اور اختیارات منتخب نمائندوں کے بجائے بیورو کریسی کے پاس ہوں گے۔

حیدر عباس رضوی نے کہا کہ کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو بھی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بنا دیا گیا، لہٰذا بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کیلئے ہماری جدوجہد کا نیا باب کھلا ہے، اور ہم یہ تمام اختیارات میئر کو واپس دینے کیلئے عدالتوں سمیت تمام راستے اختیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں میں ٹھیکہ دینے، تقرری و تبادلوں کا عمل فوری روکا جائے، اور چیف سیکرٹری فوری طور پر مداخلت کرکے من پسند اقدامات کو رکوائیں، کرپشن اور لوٹ مار کے دروازے کھولنے والا کوئی کام نہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم نے بلدیاتی قوانین کی منظوری کے وقت بھرپور مخالفت کی تھی۔ دوسری جانب وسیم اختر کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں کے اختیارات حکومت سندھ نے سلب کرلئے ہیں، بلدیاتی اداروں کو اختیارات دلوانے کیلئے چیف جسٹس ازخود نوٹس لیں۔
خبر کا کوڈ : 503660
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش