0
Friday 22 Jan 2016 16:50

دہشتگردی بیانات سے نہیں عملی اقدامات سے ختم ہو گی، حسن محی الدین

دہشتگردی بیانات سے نہیں عملی اقدامات سے ختم ہو گی، حسن محی الدین
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام نماز جمعہ کے بعد ماڈل ٹاؤن لاہور میں سانحہ چارسدہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ میں سینئر مرکزی رہنماؤں ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، میجر (ر) محمد سعید، شہزاد نقوی اور عہدیداروں و کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے بعد سانحہ چارسدہ باچا خان یونیورسٹی حکمرانوں کی نااہلی ہے، دہشتگردی بیانات سے نہیں عملی اقدامات سے ختم ہو گی، حکمران اپنے فینسی منصوبوں کے فنڈز کالجز اور یونیورسٹیز کے تحفظ پر خرچ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سفاک دہشتگرد پاکستان کے مستقبل کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، آپریشن ضرب عضب کے علاوہ دہشتگردی کے خاتمہ کی طرف کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا، دہشتگردوں کی پناہ گاہیں ضرور ختم ہوئیں مگر سہولت کار دندناتے پھر رہے ہیں۔

مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چیئرمین اور فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ ہم منہاج یونیورسٹی کے طلبہ اور طالبات، پروفیسرز، لیکچررز اور جملہ سٹاف کی طرف سے باچا خان یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات، پروفیسرز، لیکچررز سے مکمل اظہار یکجہتی اور دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چارسدہ یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کے عزم، ہمت اور حوصلے کو داد دیتے ہیں، علم کے دشمن دہشتگردوں کا اصل ایجنڈا اور ان کے چہرے پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، آخر کار دہشتگرد، ان کے ہمدرد اور سہولت کار اس دنیا میں بھی ذلیل و رسوا ہونگے اور آخرت کے دن بھی یہ جہنم کا ایندھن بنیں گے۔

پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو سپورٹ کرنیوالے عناصر خواہ ان کا پاکستان سے تعلق ہے یا پاکستان سے باہر اگر وہ انسانیت کے خلاف اس جرم میں ملوث ہوئے تو ان کا انجام بھی دہشتگردوں سے مختلف نہیں ہو گا۔ دنیا سیاسی اختلافات کو دہشتگردی سے الگ رکھے ورنہ دنیا کے چپے چپے سے بے گناہوں کی لاشیں اٹھتی رہیں گی۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے دہشتگردی مردہ باد، پاک فوج زندہ باد اور گو نواز گو کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ احتجاجی مظاہرے میں بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال، ساجد بھٹی، شہزاد نقوی، نوراللہ صدیقی، ساجد بھٹی، قاضی فیض الاسلام، جواد حامد، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، میاں ممتاز، راجہ ندیم و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 514303
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش