0
Sunday 31 Jan 2016 16:20

دوران تفتیش عزیر بلوچ کے سنسنی خیز انکشافات، پیپلز پارٹی پر سنگین الزامات

دوران تفتیش عزیر بلوچ کے سنسنی خیز انکشافات، پیپلز پارٹی پر سنگین الزامات
اسلام ٹائمز۔ لیاری گینگ وار کے گرفتار سرغنہ عزیر بلوچ نے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات کر دیئے، پیپلز پارٹی پر بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور زمینوں پر قبضہ کرانے کیلئے استعمال کرنے کا الزام بھی عائد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق عزیر بلوچ نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ پیپلز پارٹی نے جیل میں مجھے گینگسٹرز کا سربراہ مقرر کیا، اور لیاری کا سردار بنانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
عزیر بلوچ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پیپلز پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں نے اسے زمینوں پر قبضے، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم کیلئے استعمال کیا۔ عزیر بلوچ نے بتایا کہ زمینوں پر قبضہ کرنا ہوتا تو مجھے پیغام ملتا کہ ''بندے بھیجو''، جس پر میں اپنے آدمی بھیجتا، جو زمینوں پر قبضہ کرلیتے، نثار مورائی، قادر پٹیل بھی فشریز میں ملازمین کو ڈرانے دھمکانے بھتہ وصولی کیلئے استعمال کرتے تھے۔

عزیز بلوچ نے کرپشن میں ملوث بعض رہنماؤں کو بیرون ملک فرار کرانے میں مدد کا اعتراف بھی کیا، عزیر بلوچ نے انکشاف کیا کہ لیاری گینگ وار کے نام پر 10 کروڑ روپے بھتہ وصول کیا جاتا تھا، جبکہ فشریز سے بھی باقاعدگی سے بھتہ طلب کیا جاتا تھا۔ گینگ وار سرغنہ نے دوران تفتیش یہ بھی بتایا کہ اولڈ سٹی ایریا میں بھتہ جمع کرنے کیلئے دہشت گردی کرکے خوف و ہراس پھیلایا جاتا تھا۔ عزیر بلوچ نے اعتراف کیا کہ لیاری سے الیکشن لڑنے کی دھمکی دے کر من پسند افراد کو عام انتخابات میں ٹکٹ بھی دلوائے۔ عزیر بلوچ نے پیپلز پارٹی کے رہنما خالد شہنشاہ، گینگسٹر ارشد پپو، اسٹیل ملز کے سابق چئیرمین سجاد حسین شاہ سمیت سینکڑوں افراد کے قتل سے متعلق بھی انکشافات کئے۔
خبر کا کوڈ : 516908
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش