0
Thursday 27 Jan 2011 21:01

شیعہ سنی فسادات کیلئے فنڈنگ کی جا رہی ہے،بین الاقومی برادری ڈومور کا مطالبہ بند کرے،رحمان ملک

شیعہ سنی فسادات کیلئے فنڈنگ کی جا رہی ہے،بین الاقومی برادری ڈومور کا مطالبہ بند کرے،رحمان ملک
اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ کراچی سے 6 خودکش حملہ آوروں کو پکڑا گیا، دہشت گرد اب شیعہ سنی فسادات کیلئے فنڈز اکھٹے کر رہے ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے اعداد و شمار جمع کرنے کیلئے نادرا میں ڈیٹا بیس قائم کیا جائے گا اور انکی امداد کے لئے وکٹم سپورٹ پروگرام تشکیل دیا جائے گا۔
دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کے نقصانات کے ازالے کے حوالے سے پالیسی سازی پر سمینار سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ نہ کیا جائے بلکہ اس کی اخلاقی مدد کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف تکنیکی معاونت اور مدد کی فراہمی کے حوالے سے کئے جانے والے وعدوں میں سے اسی فیصد ابھی وعدے ہی ہیں۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے اور یہ جنگ صرف پاکستان کیلئے نہیں بلکہ عالمی برادری کیلئے لڑی جا رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہوم سیکرٹریز کے ساتھ آئندہ ملاقات میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کو ادا کئے جانے والے معاوضے کے حوالے سے پالیسی پر غور کیا جائے گا۔
دہشتگرد شیعہ سنی فساد کے لئے فنڈنگ کر رہے ہیں،رحمان ملک
جنگ نیوز کے مطابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ دہشت گرد اب شیعہ سنی فسادات کے لئے فنڈنگ کر رہے ہیں جس کو روکا جا رہا ہے۔ کراچی میں 6 خودکش حملہ آور بھی پکڑے گئے ہیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں افغانستان سے اسلحہ بارود کی سپلائی آ رہی ہے، پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ بند کر کے ہماری اخلاقی حمایت اور قانون نافذ کرنے کی تربیت میں مدد دی جائے۔
اسلام آباد میں ایک غیر سرکاری تنظیم کے سمینار کے بعد اپنے خطاب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کا شکار ہو کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا اور سویلین کی مداوا کرنے کے لئے اعداد وشمار جمع کرنے کا ٹاسک نادرا کو دیا جا رہا ہے اور اس معاوضے کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے وکٹم سپورٹ پروگرام شروع کیا جائے گا، جس کی منظوری وزیراعظم دیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے گروپس کے خاتمے کے لئے فوج اور پولیس نے قربانیاں دیں ہیں اور ہم دنیا کو بچانے کے لئے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں، لہٰذا ہم سے ڈومور کا مطالبہ بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کا صفایا کیا جا رہا ہے لیکن افغانستان سے اسلحہ کی سپلائی آ رہی ہے، جس کی کئی مرتبہ شکایت صدر کرزئی اور اتحادیوں کو بھی کی ہے کہ انہیں اس سپلائی روٹ کے سٹیلائیٹ امیجز کیوں نہیں ملتے اور انہیں کیوں نہیں روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دہشت گردوں کو پاکستان اور افغانستان میں نہ روکا گیا تو یہ پورے ریجن اور دنیا میں پھیل سکتے ہیں۔

خبر کا کوڈ : 52207
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش