0
Sunday 21 Feb 2016 20:30

پاکستانی عوام اس وقت ظلم و کرپشن کا شکار ہیں، یکم مارچ سے کرپشن فری پاکستان مہم چلائیں گے، لیاقت بلوچ

پاکستانی عوام اس وقت ظلم و کرپشن کا شکار ہیں، یکم مارچ سے کرپشن فری پاکستان مہم چلائیں گے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اس وقت ظلم وکرپشن کا شکار ہیں، اسلئے ہم یکم مارچ سے کرپشن فری پاکستان مہم چلائیں گے۔ ہمارا نعرہ ہے کہ ''ہم بدلیں گے تو بدلے گا پاکستان''۔ 23 فروری کو امیر جماعت اسلامی سراج الحق مہم کے حوالے سے اہم پلان کا اعلان کریں گے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد رضوان فیڈرل بی ایریا میں جماعت اسلامی سندھ کے تحت منعقدہ دو روزہ تربیت گاہ کے آخری روز خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان سے ملک خصوصاً کراچی میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، تاہم کچھ سیاسی جماعتوں کے اعلانات سے رینجرز کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے جس سے وفاق اورصوبائی حکومتوں کے درمیان کشیدگی اور عوام میں مایوسی پھیلتی ہے۔ قومی اداروں کی نجکاری کا فیصلہ غلط ہے، اداروں کو تباہ کیا گیا ہے جس میں حکمرانوں کی بدنیتی، کرپشن اور نااہلی دکھائی دیتی ہے۔ حکمرانوں کو قومی اداروں کو ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح چلانے کی اجازت ہرگز نہیں دے سکتے، زرداری، نواز شریف، اسحاق ڈار، میاں منشا کے مقدمات عدالتوں میں التوا کا شکار ہیں، یہ لوگ طاقت وپیسے کے بل بوتے پر یہ مقدمات سے بچ نکلتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج عالمی استعمار پاکستان پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، کیری لوگر لا کے ذریعے پاکستان کو کرپٹ ملک قرار دیکر پاکستان کی آزادی وخودمختاری سلب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کرپشن اس وقت ملک کا نمبر ون مسئلہ بن چکا ہے، جس میں پاکستان مسلسل دھنستا جا رہا ہے، حتیٰ کہ ایتھوپیا اور نائجیریا جیسے ملک بھی کرپشن میں پاکستان سے پیچھے ہیں، پاکستان کو کرپشن کی طرف دھکیلنے میں حکمران طبقہ کا ہاتھ ہے۔ عوامی خدمات پر مامور ریاستی ادارے وسائل کی لوٹ مار میں مصروف ہیں۔ ہر سال چھ سو ارب کی کرپشن کی جا رہی ہے جس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ڈھائی سو ارب ڈالر بیرون ملک منتقل کئے گئے، سود در سود کی ادائیگی کیلئے ٹیکسوں کی بمباری نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 522666
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش