0
Wednesday 9 Mar 2016 07:27

بھارت کشمیر پر قابض، رائے شماری کشمیریوں کا حق ہے، بھارتی خاتون پروفیسر

بھارت کشمیر پر قابض، رائے شماری کشمیریوں کا حق ہے، بھارتی خاتون پروفیسر
اسلام ٹائمز۔ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی نئی دہلی میں افضل گورو کے حق میں احتجاج کے بعد یونیورسٹی کی ایک خاتون پروفیسر نے کشمیر میں رائے شماری کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے اس خطے پر غیر قانونی طور قبضہ جما کر کشمیریوں کے ساتھ استصواب رائے کا اپنا وعدہ پورا نہیں کیا ہے۔ جے این یو نئی دہلی میں احتجاج کے بعد پیدا شدہ تنازعات پر ابھی بحث جاری ہے کہ یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تقریب کی ویڈیو نے نئی دہلی کے سیاسی حلقوں میں ہل چل مچادی ہے۔ اس ویڈیو میں یونیورسٹی کی خاتون پروفیسر نویدیتا مینن نے نہ صرف کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کی ہے بلکہ کشمیر پر بھارت کے قبضے کو غیر قانونی بھی قرار دیا۔ پروفیسر نویدیتا مینن انٹرنیشنل اسٹیڈیز اسکول میں سیاست سے جڑے مضامین پڑھاتی ہیں۔ یونیورسٹی میں نیشنلزم کے موضوع پر طلبہ و طالبات سے اپنے خطاب میں خاتون پروفیسر نے کہا ”ہم اس بات میں یقین رکھتے ہیں کہ جمہوریت ایک مضبوط چیز ہے لیکن اگر یہ اتنی مضبوط ہے تو اس طرح کے (بھارت مخالف) نعرے بلند کرنے والے چند طلباء کو گرفتار کیوں کیا گیا؟“

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو برقرار رکھنے کے لئے بندوقوں اور توپوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا ”اگر اس طرح کے واقعات پیش آتے ہیں تو جمہوریت اتنی مضبوط نہیں ہے ، جیسا کہ ہم دعویٰ کرتے ہیں کیونکہ جمہوریت کو برقرار اور مضبوط رکھنے کےلئے بندوق اور توپیں استعمال کی جارہی ہیں۔“ انہوں نے کشمیر میں رائے شماری کے حق میں آواز ٹھاتے ہوئے کہا ”آزادی کے بعد ہندوستان و پاکستان جنگ کے تناظر میں کشمیر کا بھارت کے ساتھ الحاق اس وعدے کے ساتھ کیا گیا تھا کہ حالات معمول پر آنے کے بعد رائے شماری کرائی جائے گی لیکن تب سے ایسا نہیں ہوا“۔

پروفیسر نویدیتا مینن نے مزید بتایا ”ہم سب جانتے ہیں کہ پوری دنیا اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ بھارت نے کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے“۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے بلند کرنا حق پر مبنی ہے۔ خاتون پروفیسر نے بھارت کو ایک سامراجی ملک قرار دیتے ہوئے کہا ”یہاں 30 سے 40 فیصد ملکی علاقے فورسز کے لئے بنائے گئے خصوصی قوانین کے نام پر فوج کے کنٹرول میں ہے، جو لوگوں کو دبانے کے لئے استعمال کئے جارہے ہیں“۔ پروفیسر مینن نے کہا ”کشمیر سے لیکر شمال مشرق اور چھتیس گڑھ تک لوگوں کے ساتھ زیادتیاں کی جارہی ہیں، بھارت کشمیر اور منیپور پر غیر قانونی طور قابض ہے“۔
خبر کا کوڈ : 526367
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش