0
Monday 28 Mar 2016 14:30

ایرانی صدر کیجانب سے لاہور دھماکے کی شدید مذمت، پاکستانی حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار

ایرانی صدر کیجانب سے لاہور دھماکے کی شدید مذمت، پاکستانی حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے گلشن اقبال پارک لاہور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں درجنوں بے گناہوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور عوام کو تعزیت پیش کی ہے۔ پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں ڈاکٹر حسن روحانی نے لاہور میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بے گناہوں کے قتل کا ارتکاب ان لوگوں نے کیا ہے، جنہیں دہشت گردی میں ہی اپنی بقا دکھائی دیتی ہے۔ ایرانی صدر نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا ہے کہ انہیں لاہور میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی صدمہ پہنچا ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے پیغام میں سانحہ لاہور میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے عوام کی سربلندی، سکون اور پیشرفت کے لئے دعا کی ہے۔ اتوار کی شام لاہور کے گلشن اقبال پارک میں ہونے والے خودکش دھماکے میں انتیس پچوں سمیت بہتر افراد جاں بحق اور اڑھائی سو سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان حسین جابری انصاری نے بغداد کے جنوب میں ایک اسٹیڈیم اور لاہور میں پارک میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ عراق کے دارالحکومت بغداد کے جنوب میں اسٹیڈیم اور پاکستان کے صوبے پنجاب کے صدر مقام لاہور میں پارک میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں نے اس بات کو ثابت کر دیا ہے کہ دہشت گردوں اور انتہا پسندوں نے انسانوں کی عام زندگی کے تمام مظاہر کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے اور سماج کا کوئی بھی طبقہ اور جگہ ان کے خطرے سے محفوظ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ علاقے کے مختلف ممالک اور دنیا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ حملوں کے واقعات کی تکرار، اس بات پر ایک بار پھر تاکید ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت کا خاتمہ کرنے کے لئے عالمی برادری کی جانب سے فوری طور پر ہمہ جہتی مقابلہ کئے جانے کی ضرورت ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بغداد اور لاہور میں دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ بننے والے بے گناہوں اور مظلوموں کے لواحقین اور عراق و پاکستان کی حکومتوں اور قوموں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 530112
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش