0
Friday 4 Feb 2011 12:34

جماعت اسلامی کا تاریخ ساز جدوجہد پر مصری عوام کو خراج تحسین

جماعت اسلامی کا تاریخ ساز جدوجہد پر مصری عوام کو خراج تحسین
لاہور:اسلام ٹائمز-امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے مصری عوام کی تاریخ ساز جدوجہد پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم حکمران مصر اور تیونس کے حالات سے عبرت حاصل کریں۔ امریکی اثر و رسوخ اور امت کے وسائل پر قبضہ گروپ کی گرفت کمزور ہوتی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی نے مسلم ممالک کے سربراہوں کے نام خصوصی مکتوب میں درخواست کی ہے کہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر غور کرنے کے لیے او آئی سی کا خصوصی اجلاس طلب کیا جائے۔ 
منصورہ سے جاری کردہ اپنے بیان میں سید منور حسن نے کہا ہے کہ کئی ملین مصری عوام نے سڑکوں پر آ کر جابر اور کرپٹ حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ دے دیا ہے۔ مصری قوم کا سڑکوں پر آ جانا اور سیکڑوں افراد کی شہادت کا نذرانہ پیش کرنے کے باوجود اپنی تحریک جاری رکھنا اس امر کی واضح دلیل ہے کہ حسنی مبارک امریکی اور اسرائیلی سرپرستی کی وجہ سے مصری قوم کی گردنوں پر مسلط تھا۔ مصری عوام کی عظیم الشان تحریک امریکا اور اسرائیل کے لیے بھی پیغام ہے کہ اب اس کے ایجنٹ حکمرانوں کا دور دم توڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے حکمران بھی جان لیں کہ امریکی غلامی انہیں ہمیشہ اقتدار میں نہیں رکھ سکتی۔ مشکل وقت میں امریکا اپنے دوستوں سے منہ پھیر لیتا ہے، ہوا کا رخ تبدیل ہوتے ہی اس نے حسنی مبارک سے بھی آنکھیں پھیر لی ہیں۔ 
سید منور حسن نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ بھی کرپٹ اور سفاک حکمران کے بجائے مصری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعلان کرے۔ ترک وزیراعظم نے مصری عوام سے اظہار یکجہتی کر کے مسلمان حکمرانوں کے لیے قائدانہ مثال قائم کی ہے۔ پاکستانی حکومت بھی یہ موقف اختیار کرتے ہوئے پوری مسلم امت کا دل جیت سکتی ہے۔ مصر میں جاری بے مثال عوامی تحریک کے نویں روز حکومت کی طرف سے سول کپڑوں میں ملبوس خنجروں اور چھریوں سے مسلح پولیس فورس کے ذریعے مظاہرین پر ہلہ بولنے اور خونریزی کا بازار گرم کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ عزم و ہمت سے سرشار عوام کے طوفان میں ڈوبتی حکومت کی یہ آخری ناکام کوشش ہے۔ جب پورا ملک حسنی مبارک کے خلاف ایک آواز ہے ، غنڈہ گردی پھیلانے کی حکومتی کوشش خانہ جنگی شروع کرانے کی سنگین سازش ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ مصری عوام اتحاد اور پرامن جدوجہد کے ذریعے حکومت کی یہ آخری کوشش بھی ناکام بنا دیں گے۔ 
ادھر سید منور حسن نے اسلامی کانفرنس تنظیم سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک متفقہ قرار داد کے ذریعے بھارت سے اپنی افواج جموں وکشمیر سے نکالنے کا مطالبہ کرے اور اگر بھارت یہ مطالبہ تسلیم نہ کرے تو عالم اسلام میں بھارتی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔ انہوں نے یو این او سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں اپنی قرار دادوں پر جلد از جلد عمل درآمد بھی کرائے۔

خبر کا کوڈ : 53247
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش